نواز شریف جلد وطن واپسی کا اعلان کریں گے، ذرائع
توقع کی جارہی ہے کہ سابق وزیراعظم اپنی وطن واپسی کا اعلان ایک پریس کانفرنس میں کریں گے، جبکہ قانون ماہرین کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو عدالت کے سامنے خود کو سرنڈر کرنا ہوگا۔

پاکستانی سیاست میں ایک بڑی ڈویلپمنٹ کی تیاری ، سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف جلد وطن واپسی کا اعلان کریں گے ، نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف اس بات کا اعلان ایک پریس کانفرنس میں کریں گے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف ایک ماہ میں وطن واپس آجائیں گے۔ تاہم قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر نواز شریف وطن واپس آتے ہیں تو سب سے پہلے انہیں عدالت کے سامنے خود کو سرنڈر کرنا ہوگا۔
ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل ن) کے سربراہ آئندہ 48 گھنٹوں میں دبئی سے لندن روانہ ہوں گے۔ توقع ہے کہ وہ لندن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے جہاں وہ پاکستان واپسی کا اعلان کریں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ نواز شریف نے وطن واپسی پر لاہور اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
بلوچستان کی اہم سیاسی شخصیات کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا امکان
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سائفر کی حقیقت کھول کردی
مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کی سرکردہ سیاسی شخصیات کی فہرستیں تیار کرلیں جو پی ایم ایل این میں شامل ہونے کے لیے تیار ہیں۔ ان کی شمولیت کا اعلان نواز شریف کی واپسی پر کیا جائے گا۔
ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ میاں نواز شریف کی قیادت والی پارٹی آئندہ عام انتخابات میں 30 فیصد تک نئے امیدوار ٹکٹ دے گی۔
متعدد عدالتی مقدمات اور عدالت سے تاحیات نااہلی کا سامنا کرنے کے بعد نواز شریف نے علاج کی غرض سے 2019 میں لندن چلے گئے تھے ، اور تب سے وہ لندن میں مقیم ہیں۔ پاکستانی عدالتوں نے مقررہ وقت پر وطن واپس نہ آنے پر انہیں اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔
ان کی غیر موجودگی میں، پی ڈی ایم حکومت متعدد ایسے قوانین میں ترامیم کی ہیں جن کی وجوہات کی بنا پر ان کی تاحیات نااہلی ختم ہو گئی ہے اور سیاست میں ان کی واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
قانونی ماہرین کی ان کی واپسی کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے میاں نواز شریف کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے ، اس لیے اگر انہیں وطن واپس آنا ہے تو پہلے انہیں عدالت سے ضمانت لینا ہوگی، مگر قانون کے مطابق اس سے پہلے انہیں خود کو عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا ہوگا۔









