شہباز شریف کراچی میں ن لیگ کے اتحادی ڈھونڈ رہے ہیں

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے مسلم لیگ ن کے صدر کے مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار سے رابطوں کا مقصد کراچی میں پارٹی کے لیے جگہ بنانا ہے۔

ملک میں جاری سیاسی کشمکش کے پیش نظر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے اپنی سیاسی حکمت عملی میں تبدیلی لاتے ہوئے صوبہ سندھ اور خصوصی طور پر کراچی کی مین اسٹریم لیڈرشپ کے رابطے تیز کردیے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کےصدر شہباز شریف نے دو روز قبل پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا جبکہ جمعہ کے روز انہوں نے ایم کیو ایم کے سابق کنوینر فاروق ستار سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

لندن کے وکیل نے رانا شمیم کے حلف نامے کی تصدیق کردی

چوہدری سرور حصہ نہ ملنے پر فضول تقریریں کرنے لگے

2 دسمبر کو شہباز شریف نے پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

قومی اسملبی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے مصطفیٰ کمال کے ساتھ ای وی ایم اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پاس ہونے والے قانون پر بھی مشاورت کی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا حکومت نے ملک معاشی شہ رگ کراچی کو آئی ایم ایف کے قبضے میں دے دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان آئندہ بھی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

دوسری جانب ایم کیو ایم  کے سابق کنوینر اور سینئر رہنما فاروق ستار نے گذشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے انتخابی اصلاحات ، مہنگائی کی بگڑتی ہوئی صورتحال ، حکومت مخالف لانگ مارچ اور سندھ میں بلدیاتی نظام کے حوالے سے ہونے والی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

سیاسی تجزیہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی تبدیلی کو سیاسی حکمت عملی سے جوڑ رہےہیں۔ ان کا کہناہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر کراچی میں اپنی جماعت کو دوبارہ زندگی دینے کےلیے پی ایس پی اور تنظیم ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے چیئرمین فاروق ستار سے رابطے کررہےہیں، اور آنے والی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے سیٹ ایڈجسمنٹ کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ پی ٹی آئی اور پی پی پی کو ٹف ٹائم دیا جاسکے ۔ تاہم یہ فیصلہ وقت کرےگا کہ ان کی یہ حکمت عملی کہاں تک کامیاب ہوئی ۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہناہےکہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی نے کراچی میں بہت بڑا ڈینٹ مارتے ہوئے 30 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ن لیگ ایک بھی نشست پر کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی ، تاہم اب مرکز میں حکومت کی ناکامی اور سندھ میں پی پی کی حکومت سے نالاں عوامی غصے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف دوبارہ سپیس حاصل کرنےکی کوشش کررہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر