بلدیاتی الیکشن سے قبل ن،جنون اور جیالوں نے لاہور پر نظریں گاڑ ھ لیں
وزیراعظم لاہور بچانے پہنچے تو ن لیگ نے برسی کی تقریب کو سیاسی اجتماع میں بدل دیا،آصف زداری کا بھی لاہور میں خیمے گاڑھنے کا اعلان، ق لیگ نے بھی پھرحکومت سے نظریں پھیر لیں
بلدیاتی الیکشن سے قبل ن،جنون اور جیالوں نے لاہور پر نظریں گاڑ ھ لیں، وزیراعظم عمران خان گزشتہ روز لاہور پہنچے تو ن لیگ نے بھی خواجہ محمد رفیق کی برسی کی تقریب کو جلسے کی شکل دیکر حکمراں جماعت کو واضح پیغام دیدیا۔شہبازشریف نے لاہور کے عوام کو حکومت گرانے کیلیے لنگوٹ کسنے کی ہدایت کردی۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے بھی پنجاب میں بلدیاتی الیکشن سے قبل لاہور میں خیمے لگاکر احتجاج کرنے کا اعلان کردیا۔ادھر حکومت کی اہم اتحادی ق لیگ نے بھی پھر اپنی نظریں پھیر لی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
آصف زرداری نے پی ٹی آئی اور ن لیگ کو مقابلے کی دھمکی دے دی
ن لیگ میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار کو لے کر جنگ تیز
وزیراعظم عمران خان خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں شکست کے بعد پنجاب کو بچانے کیلیے سرگرم ہوگئے ہیں اور پرانے لوگوں کو مدد کیلیے پکار لیا ہے۔ لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں عمران خان نے اعلان کیا کہ پنجاب کی قیادت پی ٹی آئی کے پرانے لیڈرز کی رہنمائی لے کر بلدیاتی الیکشن جیتنے کی پلاننگ کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی تیاری ابھی سے کرنا ہوگی، پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کی حکمتِ عملی کی نگرانی خود کروں گا۔اجلاس میں عمران خان نے پنجاب کی پارٹی قیادت سے کہا کہ پرانے ورکرز اور رہنماؤں سے مشورے کیے جائیں، پرانے ورکرز اور پرانے پارٹی رہنماؤں کی آرا کا ہمیشہ احترام کیا ہے
دوسری جانب کے پی کے میں شکست کے بعد مشکلات میں گھری حکومت کیلیے ایک نئی مشکل کھڑی ہوتی نظر آرہی ہے،اتحادی جماعت ق لیگ نے پھر حکومت سے نظریں پھیر لی ہیں۔
نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں موجودگی کے دوران وزیراعظم عمران خان نے ق لیگ کے اہم رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کو ملاقات کے لیے مدعو کیا تاہم پرویز الٰہی نے اسمبلی اجلاس میں مصروفیت کو جواز بناکر وزیراعظم سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان پنجاب میں بلدیاتی الیکشن میں ق لیگ کی حمایت چاہتے ہیں تاہم ق لیگ کا موقف ہے کہ حکومت سے اتحاد مرکز اور صوبے کی سطح پر ہے لیکن بلدیاتی الیکشن ق لیگ اپنے زور بازو پر لڑنا چاہتی ہے ۔
دریں اثنا وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بلدیاتی الیکشن کیلیے لاہور پر توجہ مرکوز کرتے ہی ن لیگ بھی اپنے سیاسی مورچے کے دفاع کیلیے کمر بستہ ہوگئی ۔مسلم لیگ ن نے خواجہ سعد رفیق کے والد خواجہ محمد رفیق کی برسی کی تقریب کو سیاسی اجتما ع میں تبدیل کردیا۔ذرائع کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ خواجہ محمد رفیق کی برسی میں مریم نواز کے علاوہ ن لیگ کی پوری قیادت نے شرکت کی جبکہ قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے تقریب سے بذریعہ وڈیو لنک خطاب بھی کیا۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاہور کے شہریوں کو حکومت گرانے کیلیے لنگوٹ کسنے کی ہدایت کردی۔شہبازشریف نے کہا کہ عمران نیاز ی نے تین سال کے دوران صرف نوازشریف کی تختیوں پر تختیاں لگائی ہیں ،لیکن اب تختیوں سے کام نہیں چلے گا،ان کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے۔لاہور کے بھائیوں ،بزرگوں اپنی لنگوٹیں کس لیں،نیب نیازی گٹھ جوڑ کے خاتمے کا وقت آچکا ہے۔
ادھر پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے بھی پنجاب میں بلدیاتی الیکشن سے قبل ۔کہتے ہیں لاہور اور اسلام آباد میں بیٹھ کرمخالفین کا مقابلہ کرنے جارہاہوں ، لاہور میں خیمے لگاکر احتجاج کریں گے۔