سیاسی تاریخ میں بھٹو کے بعد عمران خان کا یہ سب سے بڑا سرپرائز ہے، پرویز الٰہی

رہنما مسلم لیگ ق کا کہنا ہے عمران خان نے بھرپور انتخابی مہم چلا کر عوام تک اپنا پیغام پہنچایا۔

مسلم لیگ (ق) رہنما چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان نے بھرپور انتخابی مہم چلا کر عوام تک اپنا پیغام پہنچایا، عوام نے وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو مسترد کر کے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ سنایا جس پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ضمنی انتخاب میں کامیابی پر پارلیمانی پارٹی کا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کا فوری صاف و شفاف انتخابات اور چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ضمنی انتخاب میں بھرپور کامیابی پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں، سیاست کی تاریخ میں بھٹو کے بعد عمران خان کا یہ سب سے بڑا سرپرائز ہے، عمران خان کی بھرپور جدوجہد کی وجہ سے یہ کامیابی ملی، سترہ جولائی کے انتخابی نتائج عمران خان کے بیانیہ کی فتح ہے، انتخابات میں حق اور سچ کی فتح ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بھرپور انتخابی مہم چلا کر عوام تک اپنا پیغام پہنچایا، عوام نے عمران خان کی آواز پر لبیک کہا اور وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو مسترد کر کے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ سنایا۔

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ جس طرح اس انتخاب میں پولیس کا بے دریغ استعمال کیا گیا اس کی مثال نہیں ملتی، پی ٹی آئی اور ہمارے ارکان اسمبلی اور کارکنوں نے اپنی جان کی پرواہ نہیں کی اور الیکشن میں اپنا کردار ادا کیا، جنہوں نے غیر قانونی اقدامات کئے قانون ان کے خلاف خود راستہ بنائے گا۔

عمر فاروق ایم پی اے نے کہا ضمنی انتخاب میں عمران خان کے بیانیہ کی جیت ہوئی، عمران خان کی کال پر استعفے دینے کو بھی تیار ہیں، چودھری پرویزالٰہی صاحب ہمیں آپ سے بھی پیار ہو گیا، ہماری خواہش ہے کہ آپ جیسا لیڈر پنجاب کی مزید رہنمائی کرے۔

وسیم خان بادوزئی نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کو یہ کامیابی مبارک ہو۔ حنیف پتافی نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ نوجوانوں نے اس انتخاب میں اہم کردار ادا کیا، ہمارے رہنماؤں پر جو مقدمات درج ہوئے اس کی انکوائری کروائی جائے اور سیاسی بنیادوں پر درج مقدمات ختم کروائے جائیں۔

ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ جنہوں نے اسمبلی کو بے توقیر کیا ان کو نشان عبرت بنانا ہو گا۔

اجلاس میں محمد بشارت راجہ، چودھری ظہیرالدین، ڈاکٹر اختر ملک، حسین جہانیاں گردیزی، سردار محسن لغاری، جہانزیب کھچی، حنیف پتافی، وسیم بادوزئی، یاور حسین بخاری اور دیگر ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔

متعلقہ تحاریر