سابق صدر آصف علی زرداری مقتدر قوتوں سے ملاقات کے لیے دبئی روانہ، ذرائع

نیوز 360 کے ذرائع نے بتایا ہےکہ پیپلز پارٹی کے کوچیئرمین دبئی میں پاکستان کے اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری پیر کی صبح دبئی روانہ ہو گئے، ذرائع نیوز 360 کا کہنا ہے زرداری صاحب مقتدر قوتوں سے ملاقات کے لیے دبئی گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری کراچی سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ایمریٹس ایئرلائن کی پرواز ای کے 603 سے دبئی کے لیے روانہ ہوئے ہیں ، جہاں پر وہ چند  روز قیام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ شہباز گل کے رنگ میں رنگ گئے

چوہدری شجاعت کی حمزہ شہباز کی حمایت زرداری کا کرشمہ نہیں اداروں کا کمال ہے

نیوز 360 کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین دبئی میں مختصر قیام کے دوران پاکستان کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ آصف علی زرداری ملک میں جاری سیاسی اور معاشی بحران کے پائیدار حل کےلیے پاکستان میں موجود اعلیٰ عہدیداروں سے حکومت کے لیے ریلیف کی درخواست کریں گے تاکہ حکومت اپنی مدت پوری کرسکے۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اگر آصف علی زرداری اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے ساتھ بات بن گئی تو مسلم لیگ اور اتحادی حکومت کے لیے خیر ہی خیر ہے ورنہ صورتحال مزید ابتر ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ آصف زرداری کی اچانک دبئی روانگی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اچانک دبئی چلے گئے جہاں وہ اپنے غیر ملکی آقاؤں سے تازہ ہدایات لے سکتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین پر تنقید کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے مزید کہا ہے کہ آصف علی زرداری ایسے وقت میں دبئی روانہ ہوئے ہیں جب پورا سندھ صوبہ مون سون کی بارشوں میں ڈوبا ہوا ہے اور وہ اپنی سیاست بچانے کے چکر میں ہیں۔

متعلقہ تحاریر