نواز شریف واپس آرہے ہیں تاکہ دیکھ سکیں کہ ادارے کتنے نیوٹرل ہوئے ہیں، جاوید لطیف

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا ہے شہباز گل ایک طوطا ہے جس میں عمران خان سمیت کئی لوگوں کی جان پھنسی ہوئی ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ شہباز گل ایک طوطا ہے اور طوطا جانتا ہے کہ قومی راز اور قومی مفادات کس کس کو دیے گئے ، بنی گالہ کے شہری کو کون آج بھی سہولت فراہم کررہا ہے ، کون ریاستی اداروں کو آمنے سامنے کھڑا کررہا ہے۔

اسلام آباد سخت غصے کے انداز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رہنما ن لیگ جاوید لطیف نے کہا کہ شہباز گل ایک طوطا ہے جس میں کسی کی جان ہے اور اس جان میں بھی کسی کی جان ہے ، جو بھی بااثر ہے اس کا نام پبلک ہونا چاہیے۔ شہباز گل نے تفتیش کے پہلے روز جو بتایا وہی ان کے لیے خطرناک بن گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

شہباز گل کو جہاں رکھا جائے اس جگہ سب کی رسائی ہونی چاہیے، اسد عمر

فوادچوہدری نے وزیراعظم کی میثاق معیشت کی پیشکش کو احمقانہ خیال کہہ دیا

جاوید لطیف کا کہنا تھا عمران خان کو اصل ڈر یہ ہے کہ شہباز گل ڈوریں ہلانے والوں کا نام نہ لے لے، نواز شریف کے ساتھ جو کچھ بیتی اگر اس کا چھوتا حصہ بھی بتا دیں تو خوں ریزی ہو جائے۔ طوطے کی زبان بند رکھنا عمران خان کی مجبوری ہے کیونکہ اسے بہت کچھ پتا ہے۔

مفتاح اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے رہنما ن لیگ جاوید لطیف کا کہنا تھا وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ملک نہیں سنبھالا جارہا ہے۔

ایک مرتبہ پھر نواز شریف کی واپسی کا ذکر کرتے ہوئے جاوید لطیف کا کہنا تھا نواز شریف اس لیے واپس آرہے تاکہ دیکھ لیں کہ ادارے کس حد تک نیوٹرل ہوئے ہیں۔

اپنا ذکر کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا مجھ پر غداری کا مقدمہ بنایا گیا ، مجھے 6 بائی 4 فٹ کے کمرے میں قید رکھا گیا ، اگر میرا 14 دن کا ریمانڈ ہوسکتا ہے تو شہباز گل کا 12 دن کا ہی کردیں ، مجھے کہا جاتا تھا آپ کے رونے کی آوازیں عمران خان کو سنانی ہیں۔

متعلقہ تحاریر