عمران خان کو ریلیف دے کر عدلیہ نے بہت بڑی غلطی کی، مریم نواز
مسلم لیگ ن کی نائب صدر کا کہنا ہے کہ یہ شخص ایک فتنہ ہے اس کو جیل میں ہونا چاہیے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ تین سال بعد پاسپورٹ ملنے پر بہت زیادہ خوشی ہے ، جس کیس میں پاسپورٹ رکھا گیا تھا وہ میرے خلاف تھا ہی نہیں۔ میرا سوال یہ ہے کہ میرا پاسپورٹ تین سال تک کیوں نہیں دیا گیا۔؟
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج عدالت نے پاسپورٹ واپس دینے کے لیے بلایا تھا ، خوشی ہے کہ تین سال بعد پاسپورٹ مل گیا۔
یہ بھی پڑھیے
نیب قوانین میں ترامیم، سپریم کورٹ تحریک انصاف کی درخواست پر روزانہ سماعت کرے گی
منی لانڈرنگ ریفرنس :احتساب عدالت نے وزیراعظم کو بڑا ریلیف دے دیا
نائب صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا نیب نے مجھے 57 روز تک حبس بےجا میں رکھا ، نیب کے بعد مجھے کوٹ لکھپت جیل بھیج دیا گیا ، ساڑھے تین ماہ تک قید کاٹی۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا آج تک میرے خلاف نہ تو کیس رجسٹر ہوا اور نہ ہیں نیب ریفرنس بن سکا۔ 3 سال میرا پاسپورٹ بھی رکھا اور 7 کروڑ روپے بھی زرضمانت رکھوائے گئے۔ میرا پاسپورٹ ناجائز طریقے سے رکھا گیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا پاناما کیس میں میری بریت ہوئی ، پاناما کیس میں 150 پیشیاں بھگتیں ، چھ سال تک پاناما کے جھوٹے کیس کو چلنے دیا گیا۔ عمران خان کے مخالفین کو انتخابات سے باہر رکھنے کے لیے سارا کھیل رچایا گیا۔ مگر آج ساری حقیقت کھل کر قوم کے سامنے آگئی۔
ان کا کہنا تھا پاناما کیس میں میرے خلاف تو مقدمہ ہی نہیں تھا ، کیلبری کوئین کہہ کر میرے خلاف باتیں گھڑی گئیں۔
عدالتی کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ "عدالت نے کہا ٹرسٹ ڈیڈ بہن اور بھائی کے درمیان ہے تو اس کیا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ آج تک نواز شریف کے خلاف کاغذ کا ایک ٹکڑا تک نہیں دکھا سکے۔ ایک کاغذ نہیں دکھایا گیا جس سے ثابت ہو یہ پراپرٹی نواز شریف کی ہے۔ دادا سے پوتوں کو جائیداد ملی۔
مریم نواز کا کہنا تھا میں نے اپنے وکیل سے کہا تھا کہ مجھے نیب کی ترامیم سے فائدہ نہیں اٹھانا ہے۔ کیس کے حوالے سے ایک ایک چیز سامنے لاؤں گی۔ نیب کے پرانے قوانین کے تحت مجھے میرٹ پر ریلیف ملا ہے۔ آپ میں اتنی ہمت ہے کہ آپ اسے این آر او کہتے ہیں۔ نواز شریف اور ایک خاتون سے ناانصافی پر معافی مانگی چاہیے۔ چیئرمین نیب کو ویڈیو دکھا کر بلیک میل کیا گیا۔ سابق ڈی جی ایف آئی اے کو بلیک میل کیا گیا۔
نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ خاتون کو حبس بےجا میں رکھنا کیا اس کو این آر او کہتے ہیں۔؟ قدرت کا آپ کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ ہے۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا اب رونا رو رہے کہ اسحاق ڈار این آر او کے ذریعے واپس آیا ہے۔ بنی گالہ میں میٹنگز ہو رہی ہیں کہ اسحاق ڈار کے ہوتے ہوئے معاشی حالات بہتر ہورہےہیں۔ ان لوگوں کا پتا ہے کہ اگر معیشت ٹھیک ہو گئی تو ان کو کون پوچھے گا۔ اب ان کی اصل تکلیف اسحاق ڈار ہے۔
عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا این آر او وہ تھا جب بنی گالہ کی زمین کو غیرقانونی طریقے سے ریگولرائز کیا گیا۔ یہ شخص معافی مانگنے کی بجائے این آر او کی رٹ لگا رہا ہے۔ خواتین کے معاملے میں عمران خان ٹریک ریکارڈ بہت خراب ہے۔ میں نے کبھی خاتون کارڈ نہیں کھیلا عمران خان بھی نہ کھیلیں۔ عمران خان فارن فنڈنگ اور توشہ خانہ کیس میں مجرم ثابت ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا میں عمران خان سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ جب تم نے مجھے جیل میں ڈالا تو کیا میں خاتون نہیں تھی۔؟ تم نے کبھی جیل کی شکل نہیں دیکھی دیواریں پھلانگ پھلانگ کر بھاگ جاتے ہو۔ عمران خان نے مجھے میرے والد کے ساتھ اڈیالہ جیل میں بند کیا۔ میری بلٹ پروف گاڑی پر پتھر پھینکے گئے کیا خواتین کے ساتھ ایسا سلوک کیا جاتا ہے۔؟عمران خان اپنے جلسوں میں میرا نام متعدد بار لیتا ہے۔ جلسوں میں ساری تقریریں میرے خلاف ہوتی ہیں۔