پرویز الہیٰ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ، وفاقی حکومت کیا سوچ رہی ہے؟

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کے صاحبزادے مونس الہیٰ نے کہا ہے عمران خان جس دن کہیں گے اسمبلی تحلیل کردیں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر چوہدری مونس الہیٰ نے کہا ہے کہ عمران خان نے جب کہا پنجاب اسمبلی تحلیل کردی جائے گی ، جبکہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت تحریک عدم اعتماد لے آئی تو ان کے لیے اسمبلیاں توڑنا ویسے ہی مشکل ہو جائے گا جیسے قومی اسمبلی میں ہوا تھا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتےہوئے چوہدری مونس الہیٰ نے کہا ہے کہ "27 جولائی کو اللہ پاک نے ہمیں سرخرو کیا تھا اور چوہدری پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ پنجاب بنوایا تھا۔”

یہ بھی پڑھیے

کراچی میں بانی متحدہ کے حق میں بینر آویزاں، کیا الطاف حسین کے سیاسی مردے میں جان ڈالنے کی کوشش ہے؟

مولانا فضل الرحمان نے پاکستان ایئر فورس کا طیارہ کس حیثیت سے استعمال کیا؟ ناقدین کا سوال

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا ہے کہ "اس کے بعد سے ہم بونس پر چل رہے ہیں ، ہم اپنے وعدے پر قائم ہیں۔”

چوہدری مونس الہیٰ نے لکھا ہے کہ "جس دن پی ایم عمران خان نے کہا ان شاء اللہ اسی دن اسمبلی توڑ دی جائے گی۔”

عمران خان کی تقریر اور چوہدری مونس الہیٰ کے ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی تقریر ان کی شکست کا اعتراف تھا۔

رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا اگر ہم عدم اعتماد کی ریکوزیشن جمع کرا دیں گے تو یہ اسمبلی نہیں توڑ سکیں گے ، یہ لوگ استعفے دیں ضمنی انتخابات ہو جائیں گے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہزیمت سے بچنے کے لیے اسمبلیوں سے باہر آنے کا اعلان کیا ، یہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر بھی یوٹرن لیں گے۔ الیکشن وقت پر ہوں گے اور ہم چاہتے ہیں کہ اسمبلیاں برقرار رہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا عمران خان گزشتہ 7 ماہ سے ملک کے اندر سیاسی عدم استحکام پیدا کررہا ہے ، یہ شخص سسٹم سے باہر ہوگا تو سیاسی استحکام بھی آجائے گا۔

متعلقہ تحاریر