عمران خان عوامی مقبولیت کھوچکے ہیں، سلیمان شہباز کا دعویٰ

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کسی بھی لیڈر کی عوامی مقبولیت جانچنے کا واحد طریقہ انتخابات ہیں ، سلیمان شہباز کی پارٹی انتخابات کا اعلان کردے اور مقبولیت جانچ لے۔

منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت حاصل کرنے والے وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی خام خیالی ہے کہ وہ عوام میں بےحد مقبول ہیں۔ سلیمان شہباز پر تبصرہ کرتے ہوئے تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے صاحبزادے اتنے پراعتماد ہیں تو پھر ان کی پارٹی فوری طور پر انتخابات کا اعلان کیوں نہیں کرتی۔؟ کیوں پنجاب اسمبلی کی تحلیل کو بچانے کےلیے سرتوڑ کوششیں کی جارہی ہیں۔

اپنے خیالات کا اظہار سلیمان شہباز نے جیو نیوز کے پروگرام "جرگہ” میں اینکر پرسن سلیم صافی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سلیمان شہباز کا کہنا تھا ہم آئندہ انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لیں گے اور اس کے لیے ہم پراعتماد ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان کے 18 گھنٹے بعد چوہدری پرویز الہیٰ ناراض ہو گئے

وزیراعظم شہباز شریف کا نواز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ، ذرائع

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی خام خیالی ہے کہ عوام میں مقبول ہیں ، الیکشن کا میدان سجے گا تو آٹے دال کا بھاؤ پتا چل جائے گا۔

عمران خان کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے سوال پر سلیمان شہباز کا کہنا تھا خان صاحب کو بڑی دیر سے خیال ہے کہ ڈاکو راج تھا ، کیونکہ وہ پرویز الہیٰ کو ہمیشہ ڈاکو کہتے تھے۔

سلیمان شہباز کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی اور ق لیگ کا غیرفطری اتحاد ہوا تھا تو میں نے اس وقت کہا تھا کہ یہ الحاق زیادہ چلے گا نہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے صاحبزادے کا کہنا تھا اگر اسمبلیاں تحلیل ہوتی ہیں تو جو آئینی راستہ ہے اس کو فالو کیا جائے گا۔ کوئی غیریقینی صورتحال نہیں ہے۔ پاکستان اس وقت جس قسم کے معاشی بحران سے گزر رہا ہے ہمیں اس کو حل کرنے کے لیے استحکام چاہیے۔

سلیمان شہباز کے انٹرویو اور بڑک پر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سلیمان شہباز نے وہ کہاوت تو سنی ہو گی کہ”ہاتھ گنگن کو آرسی کیا ،،، پڑھے لکھے کو فارسی کیا”۔ آپ انتخابات کا اعلان کریں آپ لوگوں کو لگ پتا جائے گا کہ مقبولیت ہوتی کیا ہے۔ آپ عوام میں نکل کرتو دیکھیں آپ کو اپنی اور چیئرمین تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت کا خود اندازہ ہو جائے گا۔”

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے مسلم لیگ ن والے اور پی ڈی ایم والے دعوے کرنے کی بجائے انتخابات کا اعلان کریں ، انتخابات سے بھاگے نہیں ، کیونکہ عوامی مقبولیت کو جانچنے کا واحد پیمانہ انتخابات ہیں۔

متعلقہ تحاریر