ایک طرف اعتماد اور عدم اعتماد کا معاملہ: دوسری جانب فوری پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی گونج

رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ لیں گے ، تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد اسمبلی تحلیل کی سمری بھیجی جائے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کل اسپیکر پنجاب اسمبلی فیصلہ کریں گے کہ اعتماد کا ووٹ لینا ہے یا ووٹ آف نو کنفیڈنس پر ووٹنگ کرانی ہے ، دوسری جانب رہنما ق لیگ مونس الہیٰ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو توڑنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ اور پی ٹی آئی کی لیگل کمیٹی کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ق لیگ اور پی ٹی آئی تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کریں گے ، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ لیں گے ، تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد اسمبلی تحلیل کی سمری بھیجی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

ن لیگ کئی مرتبہ پرویز الہیٰ سے ہاتھ کرچکی، رہنما تحریک انصاف مہندر پال سنگھ

وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا معاملہ: رانا ثناء اور سبطین خان آمنے سامنے

پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ووٹ آف کنفیڈنس اور ووٹ آف نوکنفیڈنس کا مقابلہ مل کر کیا جائے گا ، کل پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ق لیگ اور پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹیاں چوہدری پرویز الہیٰ پر اعتماد کا اظہار کریں گی۔

انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ صوبائی اور قومی اسمبلیوں میں ایک ہی دن الیکشن ہوں۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ آج پاکستان تحریک انصاف کی لیگل کمیٹی کے ساتھ میٹنگ ہوئی ہے ،  تمام اتحادیوں نے بھی اس میٹنگ میں شرکت کی تھی ، لیگل ٹیم نے بہت سارے قانونی نقاط پر مشورے دیئے۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ق لیگ والے ہمارے اتحادی تھے اور اتحادی رہیں گے ، پنجاب اسمبلی فیصل آباد کا پلاٹ نہیں  جس پر رانا ثناء اللہ قبضہ کرلیا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی کی اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد جمع کرانے پر فواد چوہدری کا کہنا تھا پی ڈی ایم نے انتخابات سے فرار کا طریقہ اختیار کیا ہے ، اس لیے انہوں نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے ، ن لیگ کی پلیٹیں لندن میں ہیں اور چمچے یہاں اچھل رہے ہیں ، یہ لوگ عوام میں جانے کے قابل نہیں رہے، یہ الیکشن میں عوام کا سامنا کرنے سے گھبراتے ہیں۔

اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات میں صرف 6 دن باقی رہ گئے ہیں ، الیکشن کمیشن کا انتخابات کرانے کا فیصلہ بالکل درست ہے۔

وفاقی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسٹاک مارکیٹ مسلسل نیچے آرہی ہے ، دکانیں رات 8 بجے بند کرنے کا پلان دے رہے ہیں ، ملک چلانے کی صلاحیت نہیں تو جان چھوڑ دیں، وفاقی نے خیبر پختونخوا حکومت کے 2000 ہزار ارب روپے دینے ہیں ، آئی ایم ایف کے کہنے پر اب بجلی کے بلوں پر مزید اضافہ کیا جائے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ ملاقات کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے رہنما ق لیگ اور سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے کہا ہے کہ "آج عمران خان کے ساتھ ملکر پنجاب اسمبلی توڑنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ پی ڈی ایم جتنی مرضی کوشش کرلے جلد الیکشن کو نہیں روک سکتی۔”

مونس الہیٰ نے مزید لکھا ہے کہ "اگلے الیکشن میں جیت عمران خان کی ہے۔”

متعلقہ تحاریر