پی ڈی ایم والوں کو بلدیاتی انتخابات سے فرار نہیں ہونے دیں، جماعت اسلامی

نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے حکومت کے غیرآئینی اقدام کو مسترد کیا۔

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیروسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پی ڈی ایم حکومت کو اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن سے فرار نہیں ہونے دے گی، مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کو شکست نظر آرہی ہے، اس لیے وہ الیکشن ملتوی کروانے کے حیلے بہانے کر رہے ہیں، انھوں نے کہا جماعت اسلامی پی ڈی ایم اتحاد کے اس اقدام کے خلاف چوک چوراہوں میں احتجاج اور عدالتوں میں قانونی جنگ لڑے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ میاں محمد اسلم نے کہا کہ وہ چیف الیکشن کمشنر کو خراج تحسین پیش کر تے ہیں جنہوں نے غیر آئینی اقدام کو مسترد کیا، جماعت اسلامی نے 85 یونین کونسلز میں امیدواران کھڑے کئے ہیں، باقی حلقوں میں آزاد امیدواروں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے، جماعت اسلامی کے 16 کونسلر بلامقابلہ جیت چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ایک طرف اعتماد اور عدم اعتماد کا معاملہ: دوسری جانب فوری پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی گونج

نئے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے ن لیگ ، ق لیگ اور پیپلز پارٹی کے بڑوں سے سرجوڑ لیے

میاں محمد اسلم کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی تاریخ میں یہاں دوسری بار بلدیاتی الیکشن ہو رہے ہیں، عوام کو نچلی سطح پر اختیارات منتقل ہونا حکمرانوں کو کسی بھی صورت قبول نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 2015 میں بھی اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن سپریم کورٹ کے دباؤ کی وجہ سے ہوئے تھے، مگر بدقسمتی سے اسلام آباد کے میئر مسلم لیگ ن کے شیخ انصر عزیز بنے  جنہوں نے نہ اختیارت حاصل کیے اور نہ ہی مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے میئر کو اختیارات دیئے۔

انھوں نے کہا پی ٹی آئی حکومت نے بلدیاتی انتخابات نہ کرائے پی ٹی آئی نے بلدیاتی انتخابات میں اسلام آباد سے براہ راست میئر منتخب کرنے کا آرڈیننس دیا لیکن اس کی قانون سازی نہ کی اور آرڈیننس ختم ہوگیا، اب اگر الیکشن ہو رہے ہیں تو حکومت بری طرح ہارنے کے خوف سے بلدیاتی الیکشن سے بھاگ رہی ہے، ہم مسلم لیگ ن کو بلدیاتی الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔

جماعت اسلامی کے نائب امیر کا کہنا تھاکہ اسلام آباد کے بیس لاکھ سے زائد شہریوں کے حقوق غصب کرنا ظلم ہے وزارت داخلہ کے غیر آئینی قدم کو مسترد کرتے ہیں، اسلام آباد میں بہت اچھے ماحول میں بلدیاتی انتخابات کا عمل جاری ہے دس روز رہ گئے تو اب حکومت بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سازش کررہی ہے۔

متعلقہ تحاریر