وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزیر حسنین بہادر دریشک کا استعفیٰ نامنظور کردیا
چوہدری پرویز الہیٰ نے حسنین بہادر کا استعفیٰ نامنظور کرتے ہوئے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ، وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ سردار حسنین میری کابینہ کے سب سے قابل وزیر ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے صوبائی وزیر حسنین بہادر دریشک کا استعفیٰ نامنظور کردیا ہے ، پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ حسنین بہادر میری کابینہ کے قابل وزراء میں سے ایک ہیں۔
صوبائی وزیر حسنین بہادر دریشک کا استعفیٰ نامنظور کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ حسنین بہادر اپنی وزارت کو بہترین انداز سے چلا رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ لے کر اسمبلی تحلیل کردیں گے، پی ٹی آئی
مسلم لیگ ن کا لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عدالت عظمیٰ سے سوموٹو لینے کا مطالبہ
واضح رہےکہ حسنین بہادر دریشک نے کابینہ کے سیکنڈ لاسٹ اجلاس کے دوران اپنا استعفیٰ دےدیا تھا اور ناراض ہو کر چلے گئے تھے۔
اب چوہدری پرویز الہیٰ نے حسنین بہادر کا استعفیٰ نامنظور کرتے ہوئے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حسنین بہادر انہیں ویسے ہی عزیز ہیں جیسے مونس الہیٰ انہیں عزیز ہیں۔
یاد رہے کہ 17 دسمبر کو پنجاب کابینہ کے اجلاس میں تلخی کے بعد صوبائی وزیر سردار حسنین بہادر دریشک اپنی وزارت سے مستعفی ہوگئے تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں صوبائی وزیر حسنین بہادر دریشک کی وزیر اعلیٰ پنجاب سے تلخ کلامی ہوئی ، صوبائی وزیر احتجاجاً کابینہ اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔
تلخ کلامی اس وقت ہوئی جب کابینہ اجلاس میں ایک ہی وقت میں متعدد وزراء نے بات کرنے پر اصرار کیا۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میں ڈسپلن کیساتھ کابینہ اجلاس چلاؤں گا۔ ایک وقت میں ایک ہی وزیر بات کرسکتا ہے جبکہ سردار حسنین بہادر دریشک نے اس کے باوجود بھی گفتگو جاری رکھی تھی۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے اجازت کے بغیر گفتگو سے روکا تو صوبائی وزیر غصے میں آگئے اور حسنین بہادر دریشک نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں پھر وزارت سے استعفی دے دیتا ہوں ، میں اجلاس سے چلا جاتا ہوں اور یہ کہہ کر صوبائی وزیر کابینہ اجلاس سے باہر چلے گئے تھے۔