بی سی سی آئی نے ایشیا کپ پاکستان سے باہر کرانے کا مطالبہ کردیا

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے چیئرمین جے شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان سے باہر پاکستان کی میزبانی میں ایشیا کپ 2023 کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے آئندہ ایشیا کپ 2023 کھیلنے کے لیے ہندوستانی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے صاف انکار کردیا ہے۔ اس بات اعلان ہفتے کے روز بحرین میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ہندوستان کرکٹ بورڈ کے حکام نے کیا۔

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں  بی سی سی آئی کے حکام کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے لیے ‘بھارتی حکومت سے کلیئرنس’ نہیں مل رہی۔

یہ بھی پڑھیے

شاہین شاہ آفریدی منع کرنے کے باوجود شادی کی تصاویر وائرل ہونے پر برا مان گئے

ثانیہ مرزا نے اس مرتبہ شعیب ملک کو سالگرہ پر مبارکباد کیوں نہیں دی؟

شیڈول کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایشیا کپ کی میزبانی کرے گا ، تاہم اے سی سی کے ایگزیکٹو بورڈ نے ایشیا کپ کی میزبانی کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) اگلے ماہ مارچ میں جب کمیٹی کی دوبارہ میٹنگ کرے گی تو میزبان اور مقام کے بارے میں حتمی فیصلہ کرےگا۔

واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ ، جو کہ ایشین کرکٹ کونسل کے چیئرمین بھی ہیں، نے پہلے اپنے ایک بیان کہا تھا کہ بی سی سی آئی اپنی ٹیم پاکستان نہیں بھیجے گا، تاہم بی سی سی آئی کو کسی دوسرے ملک میں کھیلنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے ، اگر وہاں میزبانی پاکستان کرکٹ بورڈ بھی کرے گا۔ پی سی بی اگر ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہو جائے تو ابوظہبی، دبئی اور شارجہ کو ایشیا کپ کے لیے ممکنہ مقامات کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔

بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خیال کیا جارہا ہے کہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے پی سی بی کے نئے چیئرمین نجم سیٹھی سے اس بارے میں بات کی۔

ایشیا کپ کی میزبانی کے خواہاں پی سی بی نے کھلاڑیوں کی حفاظت سے متعلق پاکستان کا دورہ کرنے انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا جیسی ٹیموں کا حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی چاہتا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کے ساتھ کرکٹ تعلقات پہلے کی طرح دوبارہ شروع ہوں۔

ایشین کرکٹ کونسل کے دوسرے بورڈز اجلاس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے ایک اعلیٰ عہدے دار کا کہنا تھا ہمیں یقین ہے حکومت بھارتی ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت نہیں دے گی۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال معاشی بحران میں گھرے ہوئے سری لنکا نے ایشیا کپ کی میزبانی متحدہ عرب امارات میں کی تھی۔

اتوار کے روز ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ "اے سی سی نے آئندہ ایشیا کپ 2023 پر ایک تعمیری بات چیت کی۔ بورڈ نے ٹورنامنٹ کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے آپریشنز، ٹائم لائنز اور دیگر تفصیلات پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ایشیا کپ 2023 سے متعلق حتمی فیصلہ مارچ 2023 میں ہونے والی اے سی سی ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ میں لیا جائے گا۔”

متعلقہ تحاریر