پی ایس ایل 8: پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2رنز سے ہرا دیا

کراچی کنگز کی ٹیم پشاور زلمی کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 197 رنز بناسکی، عماد وسیم کی 47گیندوں پر 80 رنز کی اننگز رائیگاں، 92رنز بنانے والے ٹام کوہلر کیڈ مور بہترین کھلاڑی قرار

ایچ بی ایل پی ایس ایل 8 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نےسنسنی خیز مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 2 رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کنگز کی ٹیم پشاور زلمی کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 197 رنز بناسکی  ۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل 8: لاہور قلندرز کا فاتحانہ آغاز، ملتان سلطانز کو ایک رنز سے شکست

عاقب جاوید نے میری کپتان میں کرکٹ شروع کی تھی، چاہت فتح علی خان کا دعویٰ

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں   کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔

پشاور کی جانب سے ٹام کوہلر کیڈمور 92 اور بابر اعظم 68 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کراچی کی جانب سے محمد عامر اور عماد وسیم مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے۔ عامر نے 4 اوورز میں 42 رنز دیے اور کوئی وکٹ نہ لے سکے، عماد نے 3 اوورز میں 42رنز دیے اور وکٹ نہ لے سکے۔کراچی کی جانب سے میر حمزہ، اینڈریو ٹائے ، عمران طاہر اور بین کٹنگ نے ایک ایک وکٹ لی۔

 کراچی کنگز 200رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز کا مایوس کن آغاز کیا اور 46رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے ۔شرجیل خان بغیر کوئی رن نہ بناسکے، میتھیو ویڈ 23 ، قاسم اکرم 7 اور حیدر علی 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بعدازاں  پانچویں وکٹ کی شراکت میں  شعیب ملک اور کپتان عماد وسیم نے 131رنز بنائے تاہم ملک 52 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

عماد وسیم نے پشاور کے بولرزکا آخری گیند تک ڈٹ کر مقابلہ کیا تاہم ن ٹیم کو فتح نہ دلاسکے اور آخری اوور میں کراچی کی ٹیم سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے ہار گئی۔

کراچی کنگز مقرر 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بناسکی، عماد وسیم 47 گیندوں پر 80 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے وہاب ریاض اور جیمز نیشم نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پشاور کے ٹام کوہلر کیڈمور کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

بابراعظم نےمیچ کے بعد اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ پشاور زلمی سےمیرے سفر کا اچھا آغاز ہوا ہے،کراچی کے شائقین ہمیشہ کی طرح پرجوش تھے، ہر طرف شاندار ماحول تھا۔

کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ کراچی کنگز آج کا دن مشکل تھا،  اس کھیل سے بہت سارے مثبت پہلو برآمد ہوئے ہیں ،انشااللہ ہم واپس آئیں گے ، عماد وسیم نے اسٹیڈیم آنے اور بھرپور حمایت کرنے پر کراچی کے شائقین کا شکریہ ادا کیا اور پشاور زلمی کے کھیل کی تعریف بھی کی۔

متعلقہ تحاریر