پی ایس ایل 8 کا ٹائٹل لاہور قلندرز کے نام ، بیشتر ایوارڈز ملتان سلطانز کے نام
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل سیزن 8 کے فائنل میں قلندرز نے سلطانز کو ہرا دیا تاہم ایونٹ کے بیشتر ایوارڈز ملتان سلطانز کے کھلاڑی لے اڑے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 اپنے تمام تر رنگیوں کے ساتھ قلندرز کی جیت کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا ، فائنل میں لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو ایک رنز سے شکست دے کر ایک مرتبہ پھر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ، قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کو 4 وکٹیں اور 44 رنز بنانے پر مین آف دی میچ قرار پائے ، تاہم میگا ایونٹ کے زیادہ تر ایوارڈز ملتان سلطانز کے کھلاڑی لے اُڑے۔
ملتان سلطانز کے ابھرتے ہوئے فاسٹ باؤلر احسان اللہنے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
ٹورنامنٹ میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ 22 وکٹیں لینے والے احسان اللہ کو ان کی شاندار کارکردگی کے لیے ٹورنامنٹ کا بہترین باؤلر قرار دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کا ٹائٹل ایک مرتبہ پھر لاہور قلندرز کے نام
دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز احسان اللہ پہلے ابھرتے ہوئے کھلاڑی ہیں جنہیں ٹورنامنٹ میں زیادہ تجربہ کار اور قائم کردہ ستاروں میں بہترین قرار دیا گیا ہے۔
اس ایوارڈ کے پچھلے سات فاتحین کے نام:
روی بوپارا (2016، کراچی کنگز)، کامران اکمل (2017، پشاور زلمی)، لیوک رونچی (2018، اسلام آباد یونائیٹڈ)، شین واٹسن (2019، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز)، بابر اعظم (2020، کراچی کنگز، صہیب مقصود (2021، ملتان سلطانز) اور محمد رضوان (2022، ملتان سلطانز)
ملتان کے کپتان محمد رضوان کو پی ایس ایل 8 کا بہترین بلے باز اور بہترین وکٹ کیپر قرار دیا گیا۔ رضوان نے ایک سنچری اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے 142.85 کے اسٹرائیک ریٹ سے 550 رنز بنائے۔ انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں 13 کیچز پکڑے اور ایک کھلاڑی کو اسٹمپ آؤٹ کیا۔
ملتان سلطانز کے 21 سالہ گیند باز عباس آفریدی کو 23 وکٹیں لینے پر ٹورنامنٹ کا بہترین باؤلر قرار دیا گیا ، عباس آفریدی نے پی ایس ایل سیزن 8 کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
ملتان سلطانز کے بیرون ملک سے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے کیرون پولارڈ نے بہترین فیلڈر کا اعزاز حاصل کیا۔
ایلکس وارف پی ایس ایل 8 کے بہترین امپائر قرار پائے جبکہ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کو پی ایس ایل 8 کے آل راؤنڈر کے طور پر نامزد کیا گیا۔
ایوارڈ جیتنے والوں کی مکمل فہرست:
پی ایس ایل 8 پلیئر آف دی ٹورنامنٹ – احسان اللہ (ملتان سلطانز) (22 وکٹیں، اکانومی ریٹ 7.59)
پی ایس ایل 8 بہترین بلے باز – محمد رضوان (ملتان سلطانز) (550 رنز، 142.5 اسٹرائیک ریٹ)
پی ایس ایل 8 کا بہترین باؤلر – احسان اللہ (ملتان سلطانز) (22 وکٹیں، اکانومی ریٹ 7.59)
پی ایس ایل 8 بہترین فیلڈر – کیرون پولارڈ (ملتان سلطانز) (11 کیچز)
پی ایس ایل 8 بہترین وکٹ کیپر – محمد رضوان (ملتان سلطانز) (14 آؤٹ)
پی ایس ایل 8 کے بہترین ابھرتے ہوئے کھلاڑی – عباس آفریدی (ملتان سلطانز) (23 وکٹیں، اکانومی ریٹ 9.45)
پی ایس ایل 8 آل راؤنڈر – عماد وسیم (کراچی کنگز) (404 رنز اور نو وکٹیں)
پی ایس ایل 8 اسپرٹ آف کرکٹ – پشاور زلمی
پی ایس ایل 8 امپائر – ایلکس وارف