پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کا ٹائٹل ایک مرتبہ پھر لاہور قلندرز کے نام

لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا جواب میں سطانز 199 رنز ہی بنا پائے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیرن 8 کے فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز نے ایک مرتبہ پھر ٹائٹل کی جنگ میں ملتان سلطانز کو چاروں شانے چت کردیا اور ٹرافی پر پھر سے قبضہ جما لیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 8 کے فائنل میں لاہور قلندرز نے  ملتان سلطانز کو دھول چٹا دی۔ 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز 8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنا پائے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل سیزن 8 کا فائنل: لاہور قلندرز کا ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف

پنجاب میں عام انتخابات کے باعث نیوزی لینڈ سیریز کے شیڈول میں تبدیلی ہوسکتی ہے، نجم سیٹھی

ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز عثمان خان اور کپتان محمد رضوان نے کیا۔ دونوں بلےبازوں نے پہلے وکٹ کی شراکت میں 41 رنز کا آغاز دیا ، سلطانز کے پہلے آؤٹ ہونے والے بلےباز عثمان خان تھے جنہوں نے 12 گیندوں پر 18 رنز اسکور کیے ان کی اننگز میں 4 چوکے شامل تھے۔

سلطانز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز ریلی روسو تھے جنہوں نے 32 گیندوں پر 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور 2 چھکے بھی شامل تھے۔

ملتان سلطانز کی تیسری وکٹ 122 رنز پر گری جب کپتان محمد رضوان آؤٹ ہوئے ، انہوں نے 23 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 34 رنز اسکور کیے ، ان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے۔

ملتان سلطانز کی چوتھی وکٹ 146 کے مجموعے پر گری جب کیرن پولارڈ 16 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی 5ویں وکٹ 160 رنز ، چھٹی وکٹ 166 رنز ، 7ویں وکٹ بھی 166 رنز پر گری جبکہ 8ویں وکٹ 199 رنز پر رن آؤٹ ہوئی۔

باؤلنگ لاہور قلندرز

لاہور قلندرز کی سب سے کامیاب باؤلر کپتان شاہین شاہ آفریدی رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 51 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ راشد خان نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیوڈ ویزے نے 1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے عبداللہ شفیق اور شاہین شاہ آفریدی کے بالترتیب 65 اور 44 رنز کی بدولت 200 رنز بنائے تھے اور سلطانز کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا تھا۔

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ جو بہت زیادہ اچھا نہیں رہا۔ قلندرز کی جانب سے مرزا طاہر بیگ اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے اعتماد سے کھیلتے ہوئے 38 رنز کی سانجھے داری قائم کی ، اس موقع پر مرزا طاہر بیگ احسان اللہ کا شکار ہو گئے ۔ انہوں 18 گیندوں کا سامنا کیا اور 30 رنز اسکور کیے۔

قلندرز کی دوسری وکٹ 95 کے مجموعی اسکور پر گری جب فخر زمان آؤٹ ہوئے۔ فخر زمان نے 34 گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے ان کی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

فخر زمان کے آنے والی تین کھلاڑی صرف 17 رنز کا اضافہ کرکے پویلین لوٹ گئے۔ سیم بلنگز 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، احسن بھٹی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے جبکہ سکندر رضا صرف ایک رن بنا کر بولڈ ہو گئے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے سب سے کامیاب بلے باز عبداللہ شفیق رہے جنہوں نے 40 گیندوں کا سامنا کیا اور 65 رنز اسکور کیے ، ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

اننگز میں اوسط کے لحاظ سے دیکھیں تو کپتان شاہین شاہ آفریدی سب سے کامیاب بلے باز رہے انہوں نے 15 گیندوں پر 44 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

اس طرح لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز بنائے اور ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 201 رنز کا ہدف دیا ۔

باؤلنگ ملتان سلطانز 

ملتان سلطان کی جانب سے سب سے کامیاب باؤلر اسامہ میر رہے جنہوں نے 24 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

انور علی ، احسان اللہ اور خوشدل شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ تحاریر