پہلا ون ڈے: نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 289 رنز کا ہدف دے دیا

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل نے 113 رنز اسکور کیے۔

پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 289 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں مہمان ٹیم نیوزی لینڈ نے ڈیرل مچل کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو جیت کے لیے 289 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ڈیرل مچل نے اپنے ون ڈے کیریئر کی آج دوسری سنچری اسکور کی ہے۔

پاکستانی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور نیوزی لینڈ کے اوپننگ جوڑی نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 48 رنز جوڑے ، اس موقع پر حارث رؤف کے گیند پر چیڈ بوز 18 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ایچ ایف نے ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کیلیے بھارت جانے کی اجازت مانگ لی

عید پر میں اور ثانیہ ایک ساتھ ہوتے تو اچھا ہوتا، شعیب ملک

ول ینگ اور ڈیرل مچل کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے سنچری پارٹنرشپ ہوئی جس سے نیوزی لینڈ کی پوزیشن مستحکم ہوگئی۔

ول ینگ 86 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بنے اور صرف 14 رنز کی دوری سے اپنی دوسری ون ڈے سنچری سے محروم ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم 36 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف 20 رنز بنا پائے اور شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس موقع پر مہمان ٹیم کے 222 رنز تھے۔

نیوزی لینڈ کے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ہیرو مارک چیپ مین کو حارث رؤف نے 15 رنز پر بولڈ کیا لیکن ڈیرل مچل نے اپنی سنچری مکمل کی۔

پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹیم پاکستان

ٹیم پاکستان کی کپتانی بابراعظم کررہےہیں، جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق، فخر زمان ، شان مسعود ، محمد رضوان ، آغا سلمان ، محمد نواز ، شاداب خان ، شاہین آفریدی ، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔

ٹیم نیوزی لینڈ

نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون میں چیڈ بوز ، ویل ینگ ، ڈیرل مچل ، ٹام لیتھم ، مارک چیپمین ، مارک چیپ مین ، روندرا رچن اور ہینری نیکولس شامل ہیں۔

متعلقہ تحاریر