ایشیا کپ کی پاکستان سے منتقلی کسی صورت قبول نہیں ہوگی ، پی سی بی ڈٹ گیا
بھارت کے میچز کےلیے ہائبرڈ ماڈل کے علاوہ کوئی اور فارمولا قبول نہیں ہوگا، بھارت پاکستان نہیں آیا تو پاکستان بھی بھارت نہ جانے کافیصلہ کرسکتا ہے، کرکٹ بورڈ کا واضح پیغام
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) رواں سال پاکستان میں طے شدہ کرکٹ ایشیا کپ کے معاملےپر ڈٹ گیا۔
پی سی بی نے ایشین کرکٹ کونسل کو دوٹوک پیغام دیا ہے کہ ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان سے کسی اور ملک منتقل نہیں ہوگی جبکہ بھارت کے میچز کےلیے ہائبرڈ ماڈل کے علاوہ کوئی اور فارمولا قبول نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کی گرفتاری: وکرانت گپتا کا پی سی بی کو ایشیا کپ منتقل کرانیکا مشورہ
فخر زمان آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ کا اعزاز لے اڑے
روزنامہ جنگ میں شائع ہونے والی فیضان لاکھانی کی خبر کے مطابق چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے دبئی میں ایشین اور انٹرنیشنل کرکٹ حکام سے ملاقات کی جس میں ایشیا کپ، ورلڈ کپ اور چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے معاملات پر بات ہوئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ اگر بھارت پاکستان میں نہیں کھیلے گا تو پاکستان بھی بھارت میں طے شدہ آئی سی سی یا اے سی سی کا کوئی بھی ایونٹ کھیلنے سے انکار کرسکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ میں اگر بھارت کو پاکستان آنے میں مسئلہ ہے تو اس کےلیے ہائبرڈ ماڈل اپنایا جاسکتا ہے جس میں بھارت کے میچز کسی نیوٹرل وینیو پر جبکہ دیگر میچز پاکستان میں ہوں۔ذرائع کے مطابق بھارت نے اس معاملہ پر بھی سیاست شروع کی ہےتاہم وہ پاکستان کا مؤقف تبدیل نہیں کرواسکا۔
ذرائع نے کہا کہ پاکستان نے یو اے ای کو بھارت کے میچز کا وینیو تجویز کیا تھا تاہم اس پر سری لنکا اور بنگلادیش سمیت بھارت کو اعتراض تھا کہ وہاں گرمی بہت ہوگی، پاکستان کرکٹ بورڈ اس اعتراض کو تسلیم نہیں کر رہا تاہم ہر آپشن زیر غور ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کو پاکستان سے کسی اور ملک شفٹ کرنے کی تجویز بھی رد کردی۔چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے مؤقف اپنایا کہ ایشیا کپ کی پاکستان سے منتقلی کسی صورت قبول نہیں ہوگی۔