بھارت میں کسی بھی جگہ کسی کے ساتھ بھی کھیلنے کو تیار ہیں،  بابر اعظم

پاکستان کی کرکٹ ٹیم 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اپنی روایتی حریب بھارت کے خلاف میدان میں اترے گی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ "پاکستان اس سال کے ورلڈ کپ کے دوران ہندوستان کے کسی بھی مقام پر کسی سے بھی مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، ٹیم ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے حکومتی منظوری کا انتظار کر رہی ہے۔

پاکستان 15 اکتوبر کو احمد آباد کے 1 لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہندوستان کے خلاف کھیلے گا۔ واضح رہے کہ 2012 کے بعد پہلی بار دونوں ٹیمیں کسی کے ہوم ٹرف پر مدمقابل ہوں گی۔

بھارت کی سیاسی مخالفت کی وجہ سے دونوں ممالک کی ٹیمیں عمومی طور پر غیر جانبدار مقامات پر کھیلے گئے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں آمنے سامنے آتی ہیں۔ گذشتہ سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں آسٹریلیا میں آمنے سامنے آئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے 

ذکا اشرف نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین کا چارج سنبھال لیا

آئی سی سی ٹیسٹ بلے باز رینکنگ جاری، بابر اعظم چھٹے نمبر پر پہنچ گئے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے رواں ہفتے وزیر اعظم شہباز شریف اور وزارت داخلہ اور خارجہ کو خط لکھ کر ٹورنامنٹ میں شرکت کی باضابطہ اجازت مانگی تھی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں اس بات پر کوئی اعتراض نہیں ہے کہ کون ہم سے کھیل رہا ہے اور کہاں کھیل رہا ہے۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا فوکس ورلڈ کپ ہے۔ کیونکہ ہم صرف ورلڈ کپ کھیلنے جارہے ہیں۔ ہم صرف انڈیا کے خلاف نہیں سب کے خلاف کھیلنے جارہے ہیں۔

قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ "ہم ایک ٹیم پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ نو ٹیمیں ہیں، لہذا اگر ہم انہیں ہرائیں گے تو ہی ہم فائنل میں پہنچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بطور پیشہ ور کھلاڑی ہمیں ہر طرح کے حالات کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ جہاں بھی کرکٹ ہو گی، جہاں بھی میچ ہوں گے، ہم جا کر کھیلیں گے۔ ہم ہر ملک کے خلاف پرفارم کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان کے میچز

احمد آباد کے علاوہ پاکستان حیدرآباد دکن، چنئی، بنگلورو اور کولکتہ میں بھی میچز کھیلے گا۔ 5 اکتوبر سے شروع ہونے والا آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 19 نومبر تک چلے گا۔

پاکستان کا دورہ سری لنکا

آئی سی سی ورلڈ کپ سے پہلے پاکستان اس ماہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے سری لنکا کا دورہ کرے گا۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ "ہم ایک لمبے وقفے کے بعد کرکٹ شروع کرنے جارہے ہیں ، ہم پرجوش ہیں اور ورلڈ کپ کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔”

پہلا ٹیسٹ 16 جولائی سے گال میں اور دوسرا 24 جولائی سے کولمبو میں شروع ہوگا۔

پاکستان اور ایشیا کپ

پاکستان 31 اگست سے 17 ستمبر تک چھ ملکی ایشیا کپ میں بھی شرکت کرے گا۔

پہلے چار میچز پاکستان میں ہوں گے جبکہ فائنل سمیت بقیہ نو کی میزبانی سری لنکا کرے گا۔

متعلقہ تحاریر