اعصام الحق کی آسٹریلین اوپن میں شرکت پر مبارکباد

اعصام الحق طویل عرصے بعد اپنے ساتھی کے ہمراہ کسی گرینڈ سلیم میں نظر آئیں گے۔

پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق قریشی آسٹریلین اوپن میں پاکستان کی نمائندگی کرنے جارہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم اور ان کی آسٹریلوی نژاد اہلیہ شنیرا اکرم نے اعصام الحق کو مبارکباد دی ہے۔ ٹوئٹر پر تینوں کے درمیان دلچسپ گفتگو بھی ہوئی ہے۔

کرونا وائرس نے دنیا بھر میں کھیلوں کو بری طرح متاثر کیا لیکن اب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وبا کے سائے میں کھیل کے میدان سجنے لگے ہیں۔

ٹینس کوٹ میں وبا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر چند حلقوں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا مگر 3 ہفتوں کی تاخیر کے بعد بالآخر 8 فروری سے کرونا ایس او پیز اپناتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا ہے۔ پاکستان کے لیے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ ٹینس اسٹار اعصام الحق بھی اس مقابلے کا حصہ بن رہے ہیں۔ اعصام الحق طویل عرصے بعد اپنے ساتھی کے ہمراہ کسی گرینڈ سلیم میں نظر آئیں گے۔

بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعصام الحق نے بتایا کہ وہ آسٹریلین اوپن کی مہم کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔

ٹینس اسٹار کو اس وقت خوشگوار حیرت کا سامنا ہوا جب آسٹریلوی نژاد شنیرا اکرم نے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر انہیں مبارکباد کا ٹوئٹ کیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ نے ٹوئٹ میں اپنے شوہر کو بھی ہدایت کی کہ وہ اعصام الحق کو فون کریں۔ جس پر وسیم اکرم نے کہا کہ وہ ابھی فون کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

اسکواش کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان کیا کرنے والے ہیں؟

یہ بات چیت اس وقت مزید دلچسپ ہوئی جب اعصام الحق نے وسیم اکرم کی ٹوئٹ کے جواب میں لکھا کہ ‘شکریہ بھائی زبردستی کال کی ضرورت نہیں آپ کی مصروفیات کا بخوبی اندازہ ہے۔’

واضح رہے کہ دسمبر 2020 میں اعصام الحق نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ وہ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سے 2021 کا سفر شروع کریں گے جس کے بعد ان کا ہدف مارچ میں جاپان کے خلاف ڈیوس کپ میں بھی ملک کو کامیابی دلانا ہوگا۔

متعلقہ تحاریر