پی سی بی نے پی ایس ایل 6 کو تنازعات میں الجھا دیا

پی سی بی نے 'گروو میرا' ترانہ بنا کر، بیرون ملک تقریب منعقد کر کے اور علی ظفر کے تقریب میں پرفارم کرنے سے متعلق تنازعات پیدا کردیئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کو تنازعات میں الجھا دیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن سے پہلے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی گئی جو پاکستان نے 2-1 سے اپنے نام کرلی ہے۔ اس سیریز کو پاکستان کی ٹیم کے لیے پی ایس ایل 6 کی پریکٹس کہا جا رہا ہے۔  سیریز میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور محمد رضوان نے کئی ریکارڈ اپنے نام کیے۔

ایک طرف پاکستانی ٹیم میچوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے تو دوسری جانب پی سی بی سپر لیگ شروع ہونے قبل ہی اُس کو تنازعات میں الجھا رہا ہے۔

پی سی بی نے سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا ترانہ ‘گروو میرا’ بنایا جس پر شائقین نے شدید تنقید کی ہے۔ جبکہ پاکستان کی کئی مشہور شخصیات نے بھی گانے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ہزاروں ناقدین کے باوجود کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو اس ترانے کو پسند کر رہے ہیں لیکن ان کی تعداد خاصی کم  ہے۔

 ترانہ بنانے کے بعد پی سی بی نے ایک اور تنازع پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سے متعلق اعلان کر کے پیدا کیا ہے۔ کرکٹ بورڈ کے مطابق 20 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کی افتتاحی تقریب استنبول میں ریکارڈ ہوگی۔ جس کی میزبانی کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم کرے گا۔

 پاکستان سپر لیگ کے نام سے ہی ظاہر ہے کہ یہ لیگ ‘پاکستان’ کی ہے اور حال ہی میں پاکستان میں گوادر، باغ اور چترال کے علاقوں میں خوبصورت اسٹیڈیمز کے سوشل میڈیا پر چرچے ہوتے رہے ہیں۔ پی سی بی اگر اندرون ملک کسی اسٹیڈیم میں اس تقریب کا انعقاد کرتا تو یہ اسٹیڈیمز بھی دنیا کی نظروں میں آجاتے اور خطیر رقم بھی ملک کی معیشت کا پہیہ چلانے میں خرچ ہوتی۔

پی ایس ایل کھیلنے کے لیے غیرملکی کھلاڑی بھی پاکستان ہی آرہے ہیں تاہم لیگ افتتاحی تقریب ملک سے باہر منعقد کرنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی چار ایڈیشنز کی افتتاحی تقریب ملک سے باہر ‘دبئی’ میں منعقد کی گئی تھی۔

یہی نہیں بلکہ پاکستان کے جن ستاروں کو تقریب میں پرفارم کرنا ہے ان میں عاطف اسلم، نصیبو لعل، آئمہ بیگ، ینگ اسٹنرز اور حمیمہ ملک سمیت علی ظفر کا نام بھی دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستانی کرکٹرز کی ٹوئٹر پر لڑائی کیا تاثر دے گی؟

دوسری جانب علی ظفر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔

پاکستان کی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ سے اپنی کارکردگی کا لوہا منوا لیا ہے لیکن دسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے 20 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل 6 کو آغاز سے قبل ہی تنازعات کی نذر کر دیا ہے۔

متعلقہ تحاریر