کوہ پیما سرباز خان کا محمد علی سدپارہ کو خراج عقیدت

سرباز خان کا کہنا ہے کہ وہ 'مشن 14 سمٹ' کا آغاز اگلے ماہ سے کریں گے۔

دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے کی کوشش میں لاپتہ ہونے والے پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی موت کی تصدیق کردی گئی ہے۔ بہادر کوہ پیما کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کوہ پیما سرباز خان نے اپنے استاد کے دنیا کی بلند ترین 14 چوٹیوں کو سر کرنے کے خواب کو پورا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی دھن نے متعدد کوہ پیماؤں کو موت کی نیند سلا دیا ہے۔ محمد علی سدپارہ کا نام بھی ان ہی جا ںبازوں میں شمار ہوتا ہے جنہیں کے ٹو نے اپنی آغوش میں لے لیا۔ 5 فروری سے لاپتہ کوہ پیما محمد علی سدپارہ واحد پاکستانی کوہ پیما ہیں جنہوں نے دنیا کی 14 بلند و بالا چوٹیوں میں سے 8 کامیابی سے سر کی تھیں۔

پاکستانی کوہ پیما سرباز خان اپنے استاد کے 14 چوٹیوں کو سر کرنے کے خواب کو پورا کرنے کے لیے کمربستہ ہیں۔ سرباز خان نے ‘مشن 14 سمٹ’ کے نام سے محمد علی سدپارہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرباز خان نے سوشل میڈیا پر پیغام میں بتایا کہ وہ مشن کا آغاز اگلے ماہ ‘ماؤنٹ انّاپورنا’ سے کریں گے۔ سرباز خان نے اپنے اس سفر کو محمد علی سدپارہ کے نام کیا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ انّاپورنا دنیا کا دسواں اونچا پہاڑ ہے۔ اس کی بلندی 8091 میٹر ہے۔ یہ نیپال میں سلسلہ کوہ ہمالیہ میں واقع ہے۔

اس سے پہلے گلوکار علی ظفر نے گانا ’پہاڑوں کی قسم‘ گاکر جانباز کوہ پیما کو خراج عقیدت پیش کیا تھا۔

گلوکار ابرار الحق محمد علی سدپارہ کے گاؤں میں اسکول بنانے کا اعلان کرچکے ہیں جو کہ نڈر کوہ پیما کا دیرینہ خواب تھا۔

یہ بھی پڑھیے

کوہ پیما محمد علی سدپارہ کون ہیں؟

ڈنمارک کے مصور عامر حسین، محمد علی سدپارہ کو منفرد انداز میں خراج عقیدت پیش کرچکے ہیں۔ آرٹسٹ نے ہزاروں فٹ کی بلندی پر جا کر برفیلے پہاڑوں پر کھڑے ہوکر نمک کی مدد سے محمد علی سدپارہ کا خاکہ تیار کیا۔

وزیر سیاحت گلگت بلتستان ناصرعلی خان نے حکومت کو محمد علی سدپارہ اور ساجد سدپارہ کو سول اعزازات دینے کی تجویز دی ہے۔

متعلقہ تحاریر