محمد رضوان اور سرفراز احمد کے ستارے گردش میں

دونوں وکٹ کیپر بیٹسمینوں کو پی ایس ایل 6 میں اب تک صرف شکست ہی ملی ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چھٹا ایڈیشن دو وکٹ کیپر بیٹسمینوں کے لیے اچھا ثابت نہیں ہورہا۔ محمد رضوان اور سرفراز احمد کی ٹیموں کو پی ایس ایل 6 کے دو، دو میچوں میں صرف شکست ہی ملی ہے۔

سرفراز احمد کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پی ایس ایل 6 کا مایوس کن آغاز کیا تھا جو کراچی کنگز کے خلاف اپنا پہلا ہی 7 وکٹوں سے ہار بیٹھی تھی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو صرف 121 رنز کا ہدف دیا تھا اور کپتان سرفراز احمد محض 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے تھے۔

جبکہ اگلے ہی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کے خلاف 178 رنز بنائے تھے جس میں کپتان سرفراز احمد کے 40 رنز شامل تھے۔ اس کے برعکس مخالف ٹیم لاہور قلندرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور محمد حفیظ نے 33 گیندوں پر 73 رنز بنائے تھے۔ لاہور قلندرز نے اس میچ میں 9 وکٹوں سے فتح حاصل کی تھی۔

محمد رضوان
Twitter PSL

دوسری جانب اپنی کارکردگی سے مداحوں کا دل جیتنے والے محمد رضوان کے لیے بھی پی ایس ایل 6 کچھ اچھا ثابت نہیں ہورہا ہے کیونکہ ان کی ٹیم نے بھی دو میچز کھیلے جن میں سے ایک بھی نہیں جیت سکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

جاوید آفریدی سوشل میڈیا پر بدنام ہوگئے

ملتان سلطانز کے کپتان وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے اپنے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 71 رنز اسکور کیے تھے جبکہ ان کی ٹیم مجموعی طور پر 150 رنز بنا سکی تھی۔ اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

سرفراز احمد
PCB

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملتان سلطانز نے اپنے دوسرے میچ پشاور زلمی کو 194 رنز کا آسان ہدف دیا تھا جس میں کپتان محمد رضوان کے 28 گیندوں پر 41 رنز شامل تھے۔ لیکن پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو بہت آسانی سے شکست دے کر اس میچ میں فتح سمیٹی تھی۔

دونوں وکٹ کیپر بیٹسمینوں کے پہلے دو میچ ان کے لیے برے ثابت ہوئے ہیں۔ دونوں کپتان محمد رضوان اور سرفراز احمد اگلا میچ ایک ہی دن 26 فروری کو کھیلیں گے جس پر شائقین کرکٹ نظریں جمائے ہوئے ہیں۔

متعلقہ تحاریر