کیا پی ایس ایل میچز میں جیت کا فارمولا ہدف کا تعاقب ہے؟
سپر لیگ ٹیمز کی ہدف کا تعاقب کرنے کی حکمت عملی نے شائقین کرکٹ کو چونکا دیا ہے۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم بین الاقوامی سطح پر کھیلے گئے میچز میں ہدف کا تعاقب کرنے میں اکثر ناکام رہتی ہے لیکن پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیمز اس روایت کو توڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔
کراچی میں پی ایس ایل میچز جاری ہیں لیکن اس چھٹے سیزن میں تمام ٹیمز جیت کے لیے ایک ہی فارمولہ استعمال کررہی ہیں۔ ہر کپتان ٹاس جیت کر پہلے بالنگ اور پھر ہدف کا تعاقب کرنے کی حکمت عملی کو ترجیح دے رہا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ لیگ میں اب تک ہونے والے تمام یعنی 6 میچز میں جیتنے والی ٹیموں نے یہی طریقہ اپنایا ہے۔
سپر لیگ کا پہلا میچ کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا ہے۔ کراچی کنگز نے 122 رنز کا ہدف باآسانی پورا کرلیا۔
دوسرے میچ میں بھی ایسا ہی کچھ دیکھنے میں آیا۔ پشاور زلمی نے 141 رنز کا ہدف دیا جسے لاہور قلندرز نے 18ویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کے دیئے گئے 151 رنز کے ٹارگیٹ کو 19 اوورز میں پورا کیا۔ لیگ کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے فیلڈنگ کی اور پھر 178 رنز کے مقابلے 179 بنالیے۔ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے میچ میں زلمی نے 193 رنز چیز کرکے فتح پائی۔ چھٹا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا گیا جس میں یونائیٹڈ نے19 اوورز میں 197 کا ٹارگیٹ پورا کرلیا۔
پی ایس ایل کے ان 6 میچز کی ایک اور دلچسپ بات یہ ہے کہ جیتنے والی تمام ٹیمز نے اپنے ہدف 20 اوور مکمل ہونے سے پہلے ہی حاصل کرلیے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
محمد رضوان اور سرفراز احمد کے ستارے گردش میں
پی ایس ایل کے اس سیزن میں کوئی ایک میچ بھی ایسا نہیں ہوا جس کی دوسری اننگ میں تمام 120 گیندیں کرائی گئی ہوں۔
سپر لیگ ٹیمز کی اس سپر کارکردگی نے شائقین کرکٹ کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر کھیلے جانے والے میچز میں قومی کرکٹ ٹیم کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ وہ پہلے بیٹنگ کریں، مناسب رنز بنائیں اور پھر دوسری اننگ میں دفاع کریں۔