پی ایس ایل کے ملتوی ہونے سے پی سی بی کو معاشی جھٹکا لگا

ٹکٹوں کی رقم کی واپسی کا عمل 3 دن سے 2 ہفتوں کے دوران مکمل ہو جائے گا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کو کھلاڑیوں میں کرونا کے برھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا ہے۔ جن شائقین نے میچ دیکھنے کے لیے ٹکٹ خریدے ہیں ان کے لیے رقم کی واپسی کا طریقہ کار بھی بتا دیا گیا ہے لیکن اِس سے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ٹیمز کے مالکان کو کتنا بڑا معاشی جھٹکا لگے گا اُس کا تخمینہ فی الحال نہیں لگایا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ 2021 میں حصہ لینے والی 6 ٹیموں کے 6 کھلاڑیوں اور علمے کے 1 فرد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد جمعرات کے روز پی ایس ایل انتظامیہ نے ٹورنامنٹ کو ملتوی کر دیا ہے۔ پی سی بی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ’میچ ملتوی کرنے کا مقصد دیگر کھلاڑیوں کو اس وباء سے محفوظ رکھنا ہے۔‘

ٹکٹس کی رقم کی واپسی کا طریقہ کار

پی ایس ایل 6 کے ٹکٹوں کی رقم کی واپسی سے متعلق ‘بک می ڈاٹ پی کے’ کے چیف ایگزیکٹو فیضان اسلم نے میڈیا کو جاری کیے جانے والے بیان میں کہا ہے کہ ‘پی سی بی نے اس مرتبہ ون ٹائم پاسورڈ کے ذریعے ٹکٹوں کے تمام خریداروں کے تصدیق شدہ فون نمبر حاصل کیے تھے۔’

Courtesy: Startupistanbul

فیضان اسلم نے کہا کہ ’ادائیگی میں نقد رقم کا استعمال نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے رقم  کی واپسی بھی آسان اور جلد ممکن ہوگی۔ جن شائقین نے ٹکٹ خریدے ہیں انہیں ٹکٹوں کی رقم کی واپسی کے لیے کہیں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔‘

انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’پی ایس ایل کے ٹکٹس کی خریداری کے لیے استعمال کیے گئے عمل کے ذریعے ہی اب انہیں رقم بھی واپس کردی جائے گی۔ ایزی پیسہ یا جاز کیش کے ذریعے کی گئی ادائیگیاں آئندہ 3 روز میں موبائل والٹ میں واپس منتقل کردی جائیں گی۔ یہ رقم کچھ لوگوں کو آج اور کچھ کو کل واپس کی جائے گی جنہیں کسی بھی نمبر پر فون کال یا کوئی ای میل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

پی ایس ایل 6 ملتوی کردیا گیا

فیضان اسلم کے مطابق او ٹی سی کا استعمال کرنے والے افراد کوایک پیغام موصول ہوگا جس میں ان کا قومی شناختی کارڈ نمبر مانگا جائے گا تاکہ انہیں ٹکٹ کی رقم واپس کی جاسکے۔ اس عمل کو مکمل ہونے میں ایک ہفتہ لگے گا۔

جمعرات کے روز کرونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے پی ایس ایل 6 ملتوی کردیا تھا تاہم میچز کی تشہیری مہم کے لیے مختلف ٹی وی چینلز اور اداروں نے پی سی بی کو کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کی ہوئی ہیں۔ اُن رقوم کی واپسی کے بعد کرکٹ ٹیموں کے مالکان پر اُن کے اثرات بھی معاشی طور پر برے پڑیں گے۔

پی سی بی انتظامیہ نے ٹکٹوں کی رقم کی واپسی کا طریقہ کار تو واضح کردیا ہے لیکن ان نشریاتی اداروں اور چینلز کو کروڑوں روپے کی ادائیگیاں پی سی بی کے لیے مالی چیلنج بن گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر