پاکستان اور زمبابوے کی ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز کب ہوا؟

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹیسٹ کرکٹ کی کہانی کا آغاز 1993-94 میں اس وقت ہوا تھا جب زمبابوے کی ٹیم نے 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے پہلی بار پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھا۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان 3 کرکٹ ٹیسٹ  میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ کراچی میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے با آسانی 131 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ دونوں ٹیمز کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ راولپنڈ ی میں کھیلا گیا جس میں پاکستا ن نے 52 رنز سے کامیابی حاصل جبکہ دونوں ٹیمز کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ لاہور میں کھیلا گیا جو نتیجہ خیز نہیں رہا۔

اس طرح یہ پہلی سیریز پاکستان کی ٹیم نے دوصفر سے جیت لی۔اس دورے کے جوابی دورے پر پاکستان کی ٹیم نے  1994-95 میں زمبابوے کی سرزمین پر پہلی بار قدم رکھا اور 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے  ہرارے میں  کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ  میں اسے ایک اننگز اور 64 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان کرکٹ بورڈ محمد عباس کا ٹیلنٹ ضائع نہ کرے

دوسرا ٹیسٹ میچ بلاوائیو میں کھیلا گیا جس میں پاکستان نے باآسانی 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز 1-1 سے برابر کردی جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میں میچ جو ہرارے میں کھیلا گیا پاکستان نے99 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز 2-1 سے جیت لی۔

اس کے بعد زمبابوے کی ٹیم نے 1996-97 میں پاکستان کا دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے دورہ کیا جس میں شیخوپورہ میں کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہوا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریزکا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ فیصل آباد میں کھیلا گیا جس میں پاکستان کی ٹیم 10 وکٹوں سے جیت اپنے نام کرتے ہوئے سیریز ایک صفر سے جیتی۔

1997-98 میں ایک بار پھر پاکستان کی ٹیم نے زمبابوے کا دورہ کیا دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ بلاوائیو میں کھیلا گیا جو بغیر کسی نتیجے کے اختتام پذیر ہوا تاہم ہرارے میں کھیلے گئے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم نے زمبابوے کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک صفر سے جیت لی۔

1998-99 میں زمبابوے کی ٹیم نے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کیا دونوں ٹیموں کے درمیان پشاور میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ زمبابوے نے 7 وکٹس سے جیت کر سیریز میں برتری حاصل کرلی۔

لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کا نتیجہ نہ نکل سکا جبکہ فیصل آباد میں طے شدہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ بغیر کوئی بال ہوئے منسوخ کردیا گیا اس طرح زمبابوے کی ٹیم پہلی بار پاکستان کی سرزمین سے ٹیسٹ سیریز ایک صفر سے جیت کر وطن واپس چلی گئی۔

 

2002-03 میں پاکستان کی ٹیم نے زمبابوے کا دورہ کیا جس دوران 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی گئی۔ ہرارے میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 119 رنز سے شکست دی جبکہ بلاوائیو میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان نے 10 وکٹس کے واضح فرق سے جیت حاصل کی اور سیریز 2-0 سے جیت کر وطن لوٹی۔

2011 میں پاکستان کی ٹیم واحد ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے زمبابوے گئے اور بلاوائیو میں کھیلے گئے اس واحد ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم نے 7 وکٹس سے کامیابی حاصل کی۔

پاکستان کی ٹیم آخری مرتبہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے 2013 میں زمبابوے گئی تھی۔ ہرارے میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم نے 221 رنز کے بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ہرارے میں ہی کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان زمبابوے کی ٹیم نے 24  رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیریز کو برابری پر ختم کردیا تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 17 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں جس میں سے پاکستان نے 10 اور زمبابوے کی ٹیم نے 3 جیتے ہیں 4 ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے ہیں۔

متعلقہ تحاریر