پی سی بی کا خواتین کھلاڑیوں کے لیے اہم اقدام

خواتین کھلاڑی تنخواہ کے ساتھ ایک سال کی چھٹی اور معاہدے میں توسیع کراسکیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین کو کھیل کے شعبے میں آگے لانے کے لیے اہم قدم کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے بچوں کی پیدائش کے حوالے سے نئی پالیسی متعارف کرادی ہے۔

پی سی بی نے کھلاڑیوں کو ان کے بچوں کی پیدائش پر تنخواہ کے ساتھ چھٹی دینے کی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ نئی پالیسی کا اطلاق مرد اور خواتین دونوں کھلاڑیوں پر ہوگا۔ خواتین کرکٹرز زچگی کی چھٹی کے آغاز سے لے کر بچے کی پیدائش تک نان پلیئنگ رول اختیار کرسکیں گی۔

یہ بھی پڑھیے

حسن علی کے گھر ننھی پری کی آمد

خواتین کھلاڑیوں کو تنخواہ کے ساتھ ایک سال کی چھٹی اور معاہدے میں سال بھر کی توسیع کرانے کی سہولت بھی میسر ہوگی۔ کرکٹ بورڈ کے مطابق اگر کسی خاتون کھلاڑی کو کرکٹ ایونٹ کے سلسلے میں سفر کرنا پڑتا ہے تو بچے کی دیکھ بھال کے لیے کسی بھی شخص کو ساتھ سفر پر لے جاسکتی ہیں۔ لیکن ان کے اخراجات پی سی بی اور خاتون کرکٹر میں برابر تقسیم ہوں گے۔

پالیسی کے تحت مرد کھلاڑی بھی والد بننے پر تنخواہ کے ساتھ ایک مہینے کی چھٹی لے سکتے ہیں مگر شرط یہ ہے کہ انہیں یہ چھٹیاں بچے کی پیدائش کے 56 دن کے اندر لینا ضروری ہے۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کا خیال رکھنا ادارے کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مذکورہ پالیسی کو خواتین کھلاڑیوں کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ماضی کے مقابلے اب خواتین زیادہ تعداد میں کرکٹ کی جانب راغب ہوں گی۔

متعلقہ تحاریر