لیونل میسی کی کرونا کی وباء کے دوران بار بی کیو پارٹی
بار بی کیو پارٹی میں لیونل میسی کے ساتھی کھلاڑیوں، ان کی بیگمات اور دوستوں نے شرکت کی۔
فٹبال کے عظیم کھلاڑی لیونل میسی نے کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے دوستوں کے اعزاز میں بار بی کیو پارٹی کا اہتمام کیا ہے جس کے بعد بارسلونا کلب کی انتظامیہ سخت پریشانی میں مبتلا ہوگئی ہے۔
لیونل میسی کی جانب سے یہ پارٹی اس وقت دی گئی ہے جب لالیگا لیگ ٹورنامنٹ کی انتظامیہ نے کرونا کی وباء کی صورتحال میں 6 افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر سختی سے پابندی عائد کر رکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں زمبابوے پاکستان کے لیے آسان ہدف ہوگا؟
ہسپانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ لیونل میسی کی دعوت میں ان کی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں، ان کی بیگمات اور دوستوں نے شرکت کی تھی جبکہ اٹلیٹیکو میڈرڈ اور بارسلونا کے درمیان لالیگا لیگ کا میچ سنیچر کے روز طے ہے۔
ہسپانوی لیگ لالیگا کے عہدیداران لیونل میسی کی جانب سے کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کی تحقیقات کررہے ہیں۔
ہسپانوی میڈیا کے مطابق فٹبال اسٹار لیونل میسی نے بار بی کیو پارٹی اپنی کیسل ڈیفلز پراپرٹی پر دی تھی۔ ہمسایوں کو اس پارٹی کا اس وقت علم ہوا تھا جب مہمانوں نے خوشی میں نعرے لگانے شروع کیے تھے۔
دوسری جانب بارسلونا کلب کی انتظامیہ نے کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’تمام مہمان پہلے سے ہی بائیو سکیور ببل میں تھے۔‘
بارسلونا کلب کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ ’دعوت کا اہتمام گھر کی کھلی فضاء والے حصے میں کیا گیا تھا اور اس دوران سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا گیا تھا۔‘
آگے کیا ہو سکتا ہے؟
تحقیقات میں اگر لیونل میسی قصور وار ثابت ہوگئے تو ان کو کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر کتنا جرمانہ ہوسکتا یا کیا سزا ہو سکتی ہے اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ کیونکہ اس سے قبل احتیاطی تدابیر کی خلاف پر سزا کی کوئی مثال موجود نہیں ہے۔
مئی 2020 میں سویلا کلب کے 4 کھلاڑیوں نے ایک بار بی کیو پارٹی کا اہتمام کیا تھا جس پر لالیگا لیگ کی انتظامیہ نے ان کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔ تاہم کھلاڑیوں کی جانب سے غیرمشروط معافی مانگے پر انہیں معاف کردیا گیا تھا۔