شاہنواز دھانی کرکٹ کے علاوہ درختوں پر چڑھنے کے بھی ماہر

شاہنواز دھانی نے بین الاقوامی سطح پر قدم اٹھانے سے پہلے ہی پی ایس ایل میں اپنی کارکردگی سے توجہ حاصل کرلی ہے۔

کرکٹ ایک بہت ہی دلچسپ کھیل ہے اور کئی ایسی شخصیات ہیں جن کی وجہ سے یہ کھیل مزید دلچسپ بن جاتا ہے۔ پاکستان کے ابھرتے ہوئے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے کرکٹ کے میدان میں بین الاقوامی سطح پر حصہ لینے سے پہلے ہی پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) میں اپنی کارکردگی سے بہت زیادہ توجہ حاصل کی ہے۔

شاہنواز دھانی پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے آبائی شہر لاڑکانہ کے قریب ایک چھوٹے سے گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں۔ اس جگہ کو کھلاڑیوں کی وجہ سے نہیں بلکہ سیاستدانوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے لیکن شاہنواز دھانی نے اس تاثر کو ختم کردیا ہے جنہوں نے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی جانب سے میدان میں اتر کر پہچان بنائی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اصل امتحان

ٹورنامنٹ میں کھیلے جانے والے صرف 4 میچز میں 9 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دائیں ہاتھ کے بولر شاہنواز دھانی اپنے آبائی علاقے میں واپس آئے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ شاہنواز دھانی شاید چھوٹے شہر کے پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ایتھلیٹ کی حیثیت سے شہرت حاصل کی ہے۔

آبائی شہر میں شام کے وقت شاہنواز دھانی اپنے کزن کے ہمراہ تازہ ہوا کھانے نکلے تھے۔ راستے میں کھجور کے درختوں کے درمیان ان کے رشتہ دار نے بتایا کہ شاہنواز دھانی وہاں موجود تمام کھجور کے درختوں پر چڑھ چکے ہیں۔ جس پر نوجوان کھلاڑی نے کہا کہ وہ اب بھی ان درختوں پر چڑھ سکتے ہیں۔ یہ غالباً شاہنواز دھانی کے پاس بولنگ کے علاوہ ایک اور مہارت ہے۔

کرکٹ کے شائقین شاہنواز دھانی کی شخصیت کو قدرے غیر معمولی سمجھتے ہیں کیونکہ وہ دیگر کھلاڑیوں کے برعکس صوبہ سندھ کے ایک دور دراز علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ لیکن بہت سے لوگ یہ نہیں جانتے ہیں کہ شاہنواز دھانی کے پاس بیچلر آف کامرس (بی کام) کی سند بھی موجود ہے۔

شاہنواز دھانی نے جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے دورے میں پاکستان کی قومی ٹیم کے ساتھ سفر کیا تھا تاہم ابھی ان کا بین الاقوامی سطح پر کیریئر کا آغاز ابھی باقی ہے۔

متعلقہ تحاریر