کرونا نے ٹوکیو اولمپکس کو خطرے میں ڈال دیا

اولمپکس ہوئے تو کرونا وبا کے کیسز میں اضافہ متوقع ہے۔

کیا رواں برس ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد ممکن ہو پائے گا؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جو ان دنوں ہر خاص و عام کی زبان پر ہے۔ جاپان کے ڈاکٹرز میگا ایونٹ کے خلاف ہوگئے ہیں۔ ڈاکڑز نے خبردار کیا ہے کہ اگر اولمپکس کرائے گئے تو کرونا وائرس کے کیسز میں بڑی حد تک اضافہ ہوجائے گا۔

ٹوکیو اولمپکس پر خطرے کے بادل منڈلانے لگے ہیں۔ ڈاکٹرز فکر مند ہیں کہ اولمپکس شروع ہوں گے تو دنیا بھر کے لوگ جاپان کا رخ کریں گے۔ اسی لیے ٹوکیو کے متعدد ڈاکٹرز میگا ایونٹ کی مخالفت میں کھڑے ہوگئے ہیں۔ جاپانی ڈاکڑز نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اولمپکس کرائے گئے تو کرونا وائرس کے کیسز میں بڑی حد تک اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس وقت حال یہ ہے کہ ٹوکیو شہر کے تمام ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو بھی اب تک مکمل طور پر کرونا سے بچاؤ کی ویکسین نہیں لگی ہے۔

ڈاکٹرز کی تنظیم کا موقف ہے کہ ٹوکیو کے اسپتال مریضوں سے بھرے پڑے ہیں۔ اس مشکل ترین صورتحال میں انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کو چاہیے کہ میگا ایونٹ کو منسوخ کردیا جائے۔

یہ بھی پڑھیے

سرطان کے 2 سال بعد ریکاکو ایکی ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائڈ

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بعض سیاسی کارکنان نے اس حوالے سے اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اسٹاپ ٹوکیو اولمپکس مہم میں اب تک ساڑھے 3 لاکھ سے زیادہ افراد دستخط کرچکے ہیں۔

دوسری طرف ٹوکیو اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کی سربراہ  کا کہنا ہے کہ اولمپک کی منسوخی کی مہم کی قدر کرتے ہیں۔ شہریوں کی صحت پہلی ترجیح ہے تاہم اولمپک کے انعقاد کو کامیاب بنانے کی کوششیں بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے اولمپک ببل قائم کرنے پر کام ہورہا ہے۔ اولمپکس میں شہریوں کی نقل وحرکت کو محدود کرنے کے بارے میں سوچا جارہا ہے۔

متعلقہ تحاریر