ایشیا کپ ملتوی لیکن پی ایس ایل کو منظوری مل گئی

ایشیا کپ 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ تک ملتوی ہوسکتا ہے۔

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے چھٹے سیزن کے بقیہ میچز ابوظہبی میں منعقد کرنے کی منظوری مل گئی ہے لیکن ایشیا کپ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ برقرار ہے۔

کرونا وبا کے باعث پی ایس ایل 6 کے ملتوی ہونے والے میچز دوبارہ کرانے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی حکومت نے اجازت دے دی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے باقاعدہ طور پر اعلان بھی کردیا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی سی بی کے آفیشل اکاؤنٹ سے خبر شیئر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ پی ایس ایل 6 کے بقیہ 20 میچز ابوظہبی میں کرائے جائیں گے۔ پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل کی 6 ٹیمز کے مالکان سے معاملات کو حتمی شکل دینے پر بحث جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیے

دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اصل امتحان

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی رمیز راجہ نے ٹوئٹر پر اس حوالے سے اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔

دوسری طرف ایشیا کپ ٹی 20 سری لنکا میں شیڈول تھا جسے خطے میں کرونا کی بگڑتی صورتحال کے سبب ملتوی کردیا گیا ہے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق جون میں ہونے والے ایونٹ کی منسوخی کا فیصلہ موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

سربراہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کو 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ تک ملتوی کرنے کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔ جس کی ایک اہم وجہ یہ ہے کہ متعدد ٹیموں نے پہلے سے ہی اپنا 2 سالہ پروگرام تشکیل دیا ہوا ہے۔

واضح رہے ایشیا کپ میں سری لنکا سمیت پاکستان، انڈیا، بنگلادیش، افغانستان اور ملائیشیا نے شرکت کرنی تھی۔

متعلقہ تحاریر