ارشد ندیم اولمپکس میں میڈل تو نہ جیت سکے قوم کے دل جیت لیے
ارشد ندیم نے بھارت کے نیرج چوپڑا اور جرمنی کے جوہانس ویٹر سے مقابلہ کیا۔
ٹوکیو اولمپکس میں پاکستان کی میڈل جیتنے کی آخری امید بھی دم توڑ گئی، شاندار کاکردگی سے نیزہ بازی کے فائنل مقابلے میں جگہ بنانے والے ارشد ندیم فائنل راؤنڈ میں 6 میں سے 2 باریوں میں فاؤل کربیٹھنے کے باعث میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے تاہم پانچویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
ارشد ندیم کی فائنل کی دوسری اور چھٹی تھرو لائن عبور کرنے کے باعث ضائع ہوگئیں۔ بھارت کے نیرج چوپڑہ آخری دو باریوں میں فاؤل کرنے کے باوجود گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوگئے۔ نیرج چوپڑا کی بدولت بھارت ٹوکیو اولمپکس میں پہلا گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہا۔ نیزہ بازی میں چاندی اور کانسی کے تمغے جمہوریہ چیک کے نام رہے۔ جمہوریہ چیک کے ویڈلیچ جیکب نے چاندی اور ویٹز سلوویزلی نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
ٹوکیو اولمپکس کے مختلف کھیلوں میں پاکستان کے 10 میں سے 9 ایتھلیٹس کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ جیولین تھرو کے مقابلوں میں ایتھلیٹ ارشد ندیم پاکستان کے لیے میڈل حاصل کرنے کی آخری امید تھے۔
جیولین تھرو کے مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوئے جس میں مختلف ممالک کے 12 ایتھلیٹس شامل تھے۔ شاندار کارکردگی کے حامل ایتھلیٹس کو تمغوں سے نوازا گیا۔
ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلوں کے پہلے مرحلے میں تمام 12 ایتھلیٹس نے 3، 3 بار نیزے پھینکے جس میں آخری نمبر پر آنے والے 4 ایتھلیٹس مقابلے سے باہر ہوگئے اور ٹاپ 8 ایتھلیٹس کے درمیان مزید 3، 3 بار نیزہ پھینکنے کا مقابلہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیے
بھارت کی کشمیر پریمیئر لیگ کی مفت تشہیر
واضح رہے کہ میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ایتھلیٹس ارشد ندیم نے کوالیفائیڈ راؤنڈ میں اپنے گروپ میں پہلی اور مجموعی طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ ارشد ندیم نے 86.39 میٹر تک نیزہ پھینک کر پاکستان کے لیے میڈیل جیتنے کی امید پیدا کی تھی۔