اسکریبل چیمپئن عماد علی نے دوبارہ ’ورلڈ یوتھ‘ ٹائٹل اپنے نام کرلیا
اس سے قبل انہوں نے یہ کامیابی 2019 میں انگلینڈ میں منعقدہ "جونیئر ورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ" میں 6 میں سے 5 ٹائٹل جیت کر اپنے نام کی تھی۔
باصلاحیت 15 سالہ سید عماد علی نے نہ صرف اپنے مخالفین کو شکست دی بلکہ خود کو دوسری مرتبہ "ورلڈ یوتھ ٹائٹل” جیتنے والے دنیا کے سب سے کم عمر اسکریبل چیمپئن کے طور پر منوا لیا ہے۔
اس سے قبل سید عماد علی نے نومبر 2019 میں انگلینڈ کے شہر "ٹورکے” میں منعقد ہونے والی "جونیئر ورلڈ اسکریبل چیمپئن شپ” میں 6 میں 5 ٹائٹل اپنے نام کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
شاہ نواز دہانی اور زاہد محمود کب کھیلیں گے؟
آن لائن ہونے والے مقابلے "ورلڈ انگلش اسکریبل پلیئرز ایسوسی ایشن (ویسپا)” یوتھ کپ کے فائنل راؤنڈ میں سید عماد نے 13 میں 9 پوائنٹس حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
کھیلوں کے معروف صحافی فیضان لاکھانی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سید عماد علی کی کامیابی کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "پاکستان کے سید عماد علی نے ویسپا یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ جیت لی ہے یہ ان کی دوسری بڑی کامیابی ہے۔”
Pakistan’s Syed Imad Ali has won the WESPA World Youth Scrabble Championship, this is his second WESPA World title. pic.twitter.com/A7nQ5mHdvN
— Faizan Lakhani (@faizanlakhani) August 22, 2021
ابتدائی برتری کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کرتے ہوئے عماد علی نے پہلے 12 راؤنڈز میں سے 11 میں کامیابی حاصل کی جبکہ ایک راؤنڈ ٹائی ہوا تھا۔ اس طرح انہوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
چیمپئن شپ میں 14 ممالک کے 80 کے قریب کھلاڑی ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اترے تھے۔
ان کے علاوہ دو پاکستانی کھلاڑی علی سلمان اور عثمان شوکت چیمپئن شپ کے گروپ مرحلے کے آخری راؤنڈ تک ٹاپ 10 پوزیشن میں رہے تھے تاہم وہ اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکے تھے۔
پاکستان اسکریبل ایسوسی ایشن (پی ایس اے) کے صدر ندیم عمر نے سید عماد علی کے لیے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ "پاکستان اسکریبل میں غیر معمولی کارکردگی دکھا رہا ہے تاہم اس کھیل کو حکومتی سطح پر کوئی پذیرائی نہیں دی جارہی ہے۔”