خیبرپختونخوا حکومت کا ہاکی کے فروغ کے لیے بڑا اقدام

حکومت نے رواں ماہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے ہاکی ٹورنامنٹ منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت نے قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے اہم  اقدامات شروع کردیے ہیں۔ صوبائی حکومت نے رواں ماہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے ہاکی ٹورنامنٹ منعقد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

سیکریٹری کھیل، ثقافت و سیاحت خیبرپختونخوا محمد عابد مجید نے کہا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے تعاون سے صوبے کے 7 اضلاع میں مقابلے کروائے جائیں گے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے لکھا کہ ہاکی ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ ٹورنامنٹ سے مقامی کھلاڑیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر ٹیم میں 2 انٹرنیشنل اور 2 نیشنل جونیئر ٹیم کے کھلاڑی شامل ہوں گے۔ اس  کے  علاوہ مقامی کھلاڑی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فائنل جیتنے والی ٹیم کو 10 لاکھ روپے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

نوین پٹنائک نے بھارتی ہاکی ٹیم کو چیمپیئن کیسے بنایا؟

عابد مجید کا مزید کہنا تھا کہ ہاکی کے مقابلے رواں ماہ ہوں گے جس کے لیے تمام انتظامات پہلے ہی مکمل کرلیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کا مقصد  صوبے میں قومی کھیل کو فروغ دینا ہے۔

واضح رہے کہ خراب کارکردگی کے باعث قومی ہاکی ٹیم ٹوکیو اولمپکس میں شرکت نہیں کر سکی تھی جس پر پاکستان ہاکی فیڈریشن اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ کھیلوں کے عالمی میلے میں بھارت کی شاندار کارکردگی پر شائقین ہاکی نے حکومت سے قومی کھیل کو فروغ دینے کے لیے اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا تھا۔

متعلقہ تحاریر