کراچی کے کھلاڑی پھر نظر انداز، راشد لطیف کی سلیکٹرز پر تنقید

سابق کپتان نے تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے بڑا چشمہ لگایا ہوا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم  میں کراچی کے کھلاڑیوں کو ایک مرتبہ پھر نظر انداز کیا گیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر راشد لطیف نے دبے  الفاط  میں کرکٹ بورڈ کو  تنقید  کا  نشانہ  بنایا۔

راشد لطیف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی  سی  بی) میں ہونے والی بےضابطگیوں اور میرٹ  کو نظر انداز کرنے پر سخت مؤقف اپنانے کی وجہ سے مشہور ہیں۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر ٹیم سلیکشن کے حوالے  سے  پی سی بی سلیکٹرز پر تنقید کی ہے ۔

سابق کپتان راشد لطیف نے ٹوئٹر پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں انہیں بڑا چشمہ پہنے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ٹیم کی سلیکشن کرنے والوں کو اس چشمے کی ضرورت ہے۔

نیوزی لینڈ  کے ساتھ اعلان کردہ سیریز میں کراچی سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی اور سابق کپتان سرفراز احمد کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔ حارث سہیل، سلمان علی آغا، اور صہیب مقصود بھی ون ڈے اسکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے۔

یہ بھی پڑھیے

رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین مقرر

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے بیس رکنی اسکواڈ کی قیادت بابراعظم کریں گے۔ ٹیم میں نائب کپتان شاداب خان، عبداللہ شفیق، امام الحق، حارث رؤف، حسن علی، فخر زمان، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، افتخار احمد اور وکٹ کیپر محمد رضوان شامل ہیں۔

بیس رکنی اسکواڈ میں محمد حارث، محمد حسنین، محمد نواز، وسیم جونیئر، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، عثمان قادر اور زاہد محمود کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔ سیریز میں شامل تینوں میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو ہوں گے۔

متعلقہ تحاریر