9 مختلف ٹی ٹوئنٹی میچز 9 مختلف مین آف دی میچ، گرین شرٹس اٹ اٹس بیسٹ
پاکستان رواں سال ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ٹیموں میں سب سے زیادہ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے
پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے اپنی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ جاری ہے ،گرین شرٹس نے بنگلا دیش کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں حریف ٹیم کو 0-3 سے شکست دی اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کھانے کے بعد پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ سے تو باہر آگئی تاہم سیمی فائنل تک تمام 5 گروپ میچز میں کامیابی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی آخری 9 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی ہے جس میں کھلاڑیوں نے ایوارڈ حاصل حاصل کیے ہیں ، جاری کردہ فہرست کی دلچسپ بات یہ ہے کہ ان تمام 9 میچز میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے کھلاڑی مختلف ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ایک مکمل پروفیشنل ٹیم ہے جس کا ہر کھلاڑی میچ ونر ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کرکٹ ٹیم کا نیا جنم، سہرا وزیراعظم عمران خان کے سر
محمد رضوان نے ایک اور کارنامہ سر انجام دے دیا
ویسٹ انڈیز کیخلاف 31 جولائی 2021 کو کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ سے لے کر بنگلادیش کیخلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ تک گرین شرٹس نے مجموعی طورپر 9 میچز جیتے اور ہر مرتبہ مین آف دی میچ کا ایوارد حاصل کرنے والا کھلاڑی مختلف تھا ۔
محمدحفیظ نے ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا آغاز ہوا تو بھارت کے خلاف پہلے میچ میں شاہین آفریدی نے تباہ کن باؤلنگ سے پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا ، نیوزی لینڈ کے خلاف حارث رؤف، افغانستان کیخلاف آصف علی، نمیبیا کے خلاف محمد رضوان، اسکاٹ لینڈ کے خلاف شعیب ملک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ کپ میں فتحیاب نہ ہوسکا اور ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ، اس کے بعد بنگلادیش کیخلاف تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-3 سے جیت لی ،پہلے میچ میں حسن علی، دوسرے میں فخر زمان اور تیسرے میچ میں حیدر علی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں سال ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ٹیموں میں سب سے زیادہ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچز جیتنے والی ٹیم بن گئی ہے، رواں سال پاکستان نے 26 میچ کھیلے ہیں جن میں سے 17 جیتے اور 6 میں شکست ہوئی جبکہ 3 میچ بے نتیجہ رہے۔