پاکستانی نیزے باز ارشد ندیم کل عالمی ایتھلیٹک چیمپئن شپ کا فائنل کھیلیں گے
25 سالہ ارشد ندیم نے گروپ بی کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں81.71 میٹر تھرو کر کے نیزہ بازی ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائی، بھارتی نیزے باز نیرج چوپڑا سے مقابلہ ہوگا

پاکستان کے مایہ ناز نیزے باز ارشد ندیم امریکی ریاسے اوریگون کے شہر یوجین میں جاری عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں نیزے بازی کے فائنل میں پہنچ گئے۔
25 سالہ ارشد ندیم نے گروپ بی کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 81.71 میٹر تھرو کر کے نیزہ بازی ( جیولین تھرو) ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
یہ بھی پڑھیے
ارشد ندیم اولمپکس میں میڈل تو نہ جیت سکے قوم کے دل جیت لیے
جیولن تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے اپنے سپورٹر کا نام ظاہر کردیا
فائنل میں جگہ بنانے کیلیے ٹاپ 12 میں آنا لازمی تھا۔ارشد ندیم نے پہلی تھرو 76.15 اور دوسری تھرو 74.38 میٹر کی تھی جبکہ تیسری مرتبہ وہ نہ صرف جولین 81.71 میٹر پھینکنے میں کامیاب رہےبلکہ فائنل میں جگہ بنانے میں بھی کامیاب ہوگئے۔ ارشد ندیم مجموعی طور پر نویں اور اپنے گروپ میں چوتھے نمبر پر رہے۔
ارشد ندیم نے انٹرنیشنل ایتھلیٹک چیمپئن شپ کے فائنل راؤنڈ میں رسائی پر خوشی کااظہار کیا ہے۔ ارشد ندیم نے کہا کہ محنت سے کامیابی حاصل کرنے پر بہت خوش ہوں اسی طرح سے فیصلہ کن معرکہ بھی اپنے نام کرکے ملک پاکستان کا نام روشن کروں گا۔انہوں نے اتوار کو فائنل میں بھی بہترین پرفارمنس دوں گا، ٹارگٹ گولڈ میڈل ہے، دوسرا ہدف وکٹری اسٹینڈ ہے۔
انہوں نے پرستاروں سے اپنی کامیابی کیلیے دعاؤں کی درخواست بھی کی ہے۔ارشد ندیم کہنی کی انجری مکمل ٹھیک نہ ہونے کے باوجود اس ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ انہوں نے اولمپکس میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔
ارشد ندیم فائنل میں بھارتی نیزے باز نیرج چوپڑا کے مدمقابل ہوں گے۔ یاد رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کے فائنل میں بھی ارشد ندیم اور نیرج چوپڑا آمنے سامنے تھے تاہم ارشد ندیم فاؤل کے باعث میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے تھے جبکہ نیرج چوپڑا گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔









