میسی کو بارسلونا چھوڑنے کی پہلی سزا مل گئی

ارجنٹائن کے مایہ ناز اسٹرائیکر لیونل میسی کو ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا چھوڑنے کی پہلی سزا مل گئی۔
گزشتہ سال بارسلونا چھوڑ کر فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین کا حصہ بننے والے لیونل میسی 2005 کے بعد 17 سال میں پہلی بار”بیلن ڈی اور “ایوارڈ کیلیے نامزد 30 فٹبالرز کی فہرست میں جگہ بنانے میں ناکام ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیے
کیا میسی دوبارہ بارسلونا کلب میں شامل ہو رہے ہیں؟
جان لاپورٹا نے میسی کی بارسلونا میں واپسی کے دروازے کھول دیے
ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹبالر نے گزشتہ موسم گرما میں ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا سے مالی پیچیدگیوں کے باعث معاہد ہ ختم کرکے فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی)میں شمولیت اختیارکرلی تھی۔
لیونل میسی کو 2006 سے ہر بار بیلن ڈی اور کے لیے نامزد کیا جارہا تھا اور اب تک وہ 7 مرتبہ فرانسیسی میگزین فرانس فٹبال سے یہ ایوارڈ جیت چکے ہیں جبکہ کوئی دوسرا فٹبالر اب تک اتنی مرتبہ یہ ایوارڈ نہیں جیت سکا ہے۔
بارسلونا چھوڑنے کے بعد میسی پہلے سیزن میں خاطر خواہ کاکردگی نہیں دکھا سکے کیونکہ سیزن22-2021میں پی ایس جی کی طرف سے وہ صرف 11 گول اسکور کرسکے جبکہ 14گولز میں ٹیم کو ان کی معاونت حاصل رہی جبکہ وہ اپنے کلب کو صرف ایک ٹائٹل ہی جتواسکے ہیں۔
قومی ٹیم ارجنٹائن کیلیے میسی نے 15 میچوں میں 7 گول کیے اور جون میں ویمبلے اسٹیڈیم میں اپنی ٹیم کو اٹلی کے خلاف فائنل میں فتح دلوائی ۔ کوپا امریکا ٹائٹل جیتنے کے ایک سال سے بھی کم عرصے میں قومی ٹیم کے ساتھ یہ ان کا دوسرا ٹائٹل ہے۔
یاد رہے کہ بیلن ڈی آر فرانسیسی نیوز میگزین ”فرانس فٹبال “کی طرف سے دیاجانے والا سالانہ ایوار ڈ ہے جو 1956 سے پیش کیاجارہا ہے جبکہ 2010 سے 2015 کے درمیان فٹبال کی عالمی باڈی فیفا کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت ایوارڈ کو عارضی طور پر فیفا ورلڈ پلیئر آف دی ایئر کے ساتھ ضم کر دیا گیا تھا اور اسے فیفا بیلن ڈی او کا نام دیدیا گیا تھا۔