ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑی فٹنس مسائل کا شکار
ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم جونیئر انجرڈ ہو گئے جبکہ انڈیا کے خلاف میچ کے دوران حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد رضوان فٹنس مسائل کا شکار ہو گئے۔
متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کے آغاز سے قبل اور شروعات کے بعد سے قومی کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑی فٹنس مسائل کا شکار ہو گئے ہیں۔ فٹنس مسائل کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں کی وجہ سے ٹیم انتظامیہ شدید ترین پریشانی لاحق ہو گئی ہے۔
ٹورنامنٹ کے آغاز سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار باؤلر شاہین شاہ آفریدی ٹخنے کی انجری کی وجہ سے نہ صرف ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے بلکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز سے انہیں ہاتھ دھونے پڑ گئے۔
اسی طرح ٹورنامنٹ سے دو روز قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بالر محمد وسیم جونیئرانجرڈ ہونے کے بعد ایشیا کپ سے باہر ہوگئے ، ان کی جگہ حسن علی کو قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق محمد وسیم کو کمر میں درد کی شکایت تھی جس پر ایم آر آئی کروایا گیا تاہم رپورٹ تسلی بخش نہیں آنے پر انہیں اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا گیا
ہار جیت ہار کھیل کا حصہ ہوتی ہے ، گذشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ کا پہلا میچ روایتی حریف انڈیا کے خلاف کھیلا ، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے 147 رنز بنائے اور انڈیا کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف دیا ، پاکستانی باؤلرز نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے انڈین بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے نہیں دیا ، تاہم آخری اوور میں انڈیا کو جیت کے لیے 7 رنز درکار تھے ، ہاردک پانڈیا نے محمد نواز کی بال پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلوائی.
یہ بھی پڑھیے
کپتان بابر اعظم سمیت پاکستانی کرکٹرز کی سیلاب زدگان کی امداد کی اپیل
فاسٹ بالر محمد وسیم جونیئر انجرڈ، حسن علی قومی اسکواڈ میں شامل ہوگئے
میچ کے دوران فاسٹ باؤلر وسیم شاہ ، حارث رؤف اور وکٹ کیپر رضوان فٹنس مسائل کا شکار ہوگئے ۔ پاؤں میں موچ آنے کی وجہ سے وسیم شاہ اپنی باؤلنگ پر مکمل کنٹرول نہ پائے جبکہ انہوں نے پہلے اوور کی دوسری بال پر انڈین ٹیم کی اوپننگ جوڑی کو توڑ دیا تھا۔
ایسا لگتا ہے کہ قومی کرکٹ اسکواڈ کی میڈیکل ٹیم اور کھیلوں کا عملہ کرکٹرز کے لیے مناسب فٹنس پروگرام بنانے میں ناکام رہا ہے کیونکہ اسکواڈ کے بہت سے اراکین کو فٹنس مسائل کا سامنا ہے۔
کرکٹ پنڈتوں کا کہنا ہے کہ اگر کھلاڑیوں کے ساتھ فٹنس مسائل جاری رہے تو دبئی میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ 2022 میں ان کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی پہلے ہی گھٹنے کی انجری سے متاثر ہیں اور محمد وسیم کو جاری علاقائی کرکٹ ایونٹ کے دوران کمر میں درد کا سامنا کرنا پڑا، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، باؤلرز نسیم شاہ اور حارث رؤف کو بھی اتوار کے پاکستان بمقابلہ انڈیا میچ کے دوران فٹنس کے کچھ مسائل کا سامنا کرتے دیکھا گیا۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ بقیہ میچز میں شاندار کارکردگی حاصل کرنے کے لیے ٹیم انتظامیہ کو فوری طور پر ایمرجنسی بنیادوں پر کھلاڑیوں کی بحالی کا کام شروع کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر نجیب سومرو کو آسٹریلیا سے واپس آنے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں چیف میڈیکل آفیسر تعینات کیا گیا تھا جب کہ ٹیم کے فزیو تھراپسٹ کلف ڈیکن اور فٹنس ٹرینر کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے۔
تجربہ کار میڈیکل ٹیم کی موجودگی کے باوجود فٹنس مسائل کے شکار کھلاڑیوں کی وجہ سے ٹیم انتظامیہ شدید پریشانی میں مبتلا ہے ۔









