وزیراعظم ،سینئر صحافی اور شوبز ستارے سب نسیم شاہ کے گن گانے لگے

نسیم شاہ اتنے زبردست اختتام کیلیے آپ کا شکریہ، وزیراعظم شہبازشریف،حامد میر نے نسیم شاہ کو ہیرو آف دی ڈے، اجمل جامی نے شہزادہ قرار دیدیا،نسیم شاہ کے چھکے برسوں یاد رہیں گے،شہزاد اقبال،حرا مانی نے نسیم شاہ کی تعریفوں کے پل باندھ دیے

ٹی 20کرکٹ ایشیا کپ کے سپرفور مرحلے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کرنےپرقومی قیادت، معروف صحافیوں اور شوبز شخصیات نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔وزیراعظم شہبازشریف سمیت ہر ایک نسیم شاہ کی صلاحیتوں کے گن گانے لگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے  اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ واہ پاکستان!نسیم شاہ اتنے زبردست اختتام کیلیے آپ کا شکریہ۔

سینئر صحافی حامد میر نے قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ شاباش پاکستان ویلڈن،انہوں نے نسیم شاہ کو  ہیرو آف دی ڈے کا لقب بھی دیا۔

حامد میر نے آصف علی کو آؤٹ کرنے کےبعد ان سے بدتمیزی کرنے والے افغان بولرفرید احمد کی  تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کیسے ہیں؟

یہ بھی پڑھیے

ایشیا کپ سپرفور مرحلہ: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 1 وکٹ سے شکست دے دی

پاکستان کے ہاتھوں ایشیا کپ سے رخصتی پر افغان تماشائی اور پلیئر آپے سے باہر ہو گئے

سینئر صحافی طلعت حسین نےلکھا کہ کیا میچ تھا! افغانستان بالکل اس کا مستحق تھا جو اسے آخر میں ملا۔ انہوں نے جس طرز عمل کا مظاہرہ کیا اس کے لیے کوئی عذر یا موقع نہیں ہے۔ نسیم صاحب! زبردست!

اینکر پرسن اجمل جامی نے نسیم شاہ کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں شہزادے کا لقب دیا اور لکھاکہ کوئی پوچھے تو کہنا نسیم شاہ آیا تھا۔

سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے لکھا کہ ٹیم پاکستان۔۔۔۔۔ کچھ خدا کا خوف۔۔۔ ایک آسان ترین میچ کو مشکل ترین بنا کر جیتنے پر مبارک مگر پلیز آئندہ ایسا نہ کرنا،ہارٹ اٹیک ہو سکتا ہے۔

اینکر پرسن شہزاد اقبال نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ لوئر آرڈر بلے باز کا اعتماد اور توانائی قابل دید ہے، حارث اور دہانی نےیہ  بھارت کے خلاف کیا اور اب نسیم کے چھکے طویل عرصے تک یاد رکھے جائیں گے۔

 پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سپر اسٹار  ہمایوں سعید نے نسیم کی چھکا لگانے کے بعد فاتحانہ انداز میں میدان میں دوڑ لگانے کی تصویر اپنے ٹوئٹ میں شیئر کی اور کیپشن میں لکھا واہ نسیم شاہ۔

اداکار عدنان صدیقی نے لکھا کہ افف! آخری گیند تک اعصاب کا بنڈل تھا۔نسیم آپ اس وقت  پسندیدہ ترین لڑکے ہیں۔  تعریفوں کا لطف اٹھاؤ، اتوار کو ہیٹ ٹرک اور یقیناً ایشیا کپ  کے بھی منتظر ہیں۔

گیم شو جیتو پاکستان کے میزبان اداکار فہد مصطفیٰ نے بھی نسیم کومین آف دی موومنٹ قرار دیدیا۔

اداکارہ حرا مانی نے نسیم کی اینی میٹڈ تصویر شیئر کی جس پر لکھا تھا کہ یہ شارجہ نہیں شاہ راج ہے۔ حرامانی  نے تصویر کے کیپشن میں  نسیم شاہ کی تعریف کے پل باندھ دیے۔

انہوں نے لکھا کہ ارے نسیم بہت اعلیٰ،ماشااللہ کیا بات ہے شاہ صاحب، کیا زبردست فتح ہے ،ٹیم پاکستان  دل خوش کردیا۔آخر کار تم کون ہو، کہاں سے آئے ہو ؟نسیم شاہ تم تو ہیرونکلے یار،ڈھیروں پیار اور دعائیں۔

View this post on Instagram

A post shared by Muneeb Butt (@muneeb_butt)

اداکار منیب بٹ نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر ایک وڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ نسیم کا فاتحانہ چھکا دیکھنے کے بعد خوشی سے پھول نہیں سما رہے۔وڈیو میں منیب بٹ کو کہتے ہوئے سناجاسکتا ہے کہ ہمارا ایک ایک لڑکا کھیلے گا،عزت بچ گئی یار عزت بچ گئی،اللہ کا شکر ہے۔وڈیو کے کیپشن میں انہوں نے بھی نسیم شاہ کیلیے محبت کا اظہار کیا۔

متعلقہ تحاریر