سابق آئی سی سی امپائر اسد رؤف 66 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

اسد رؤف نے 64ٹیسٹ، 139 ون ڈے اور 28ٹی  ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کے علاوہ11ویمن انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی امپائرنگ کے فرائض انجام دیے، چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا اظہار افسوس

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایلیٹ پینل کا حصہ رہنے والے سابق امپائراور سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اسد رؤف 66 برس کی عمر میں گزشتہ روز لاہور میں انتقال کر گئے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ نے اسد رؤف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سابق انٹرنیشنل امپائر اسد رؤف لنڈابازار لاہور کے تاجر بن گئے

بابر اعظم کے کوور ڈرائیو کا پاکستانی نصاب میں تذکرہ

اہلخانہ کے مطابق اسد رؤف کی موت حرکت قلب بند ہونے کے باعث ہوئی ۔ان کی نماز جنازہ کا اعلان آج کیا جائے گا۔اسد رؤف آئی سی سی ایلیٹ پینل کے ٹاپ امپائرز میں شامل رہے اور انہوں نے 64ٹیسٹ، 139 ون ڈے انٹرنیشنل اور 28ٹی  ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کے علاوہ11ویمن انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی امپائرنگ کے فرائض انجام دیے تھے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے اسدرؤف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔انہوں نے  اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ  اسد رؤف کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا۔وہ نہ صرف اچھے امپائر تھے بلکہ وہ شرارتی حس مزاح بھی رکھتے تھے۔

رمیز راجہ نے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ مجھے ہنسنے پر مجبور کیا اور  جب بھی ان کے بارے میں سوچتا ہوں میرے چہرے پر مسکراہٹ آجاتی ہے۔  رمیز راجہ نے اسد رؤف کے انتقال پر ان کےا ہلخانہ سے اس نقصان پر اظہار افسوس بھی کیا ہے۔

اسدرؤف کو سال 2013 میں اسپاٹ فکسنگ کے الزامات کا سامنا رہا جس کے بعد ان کا کیرئیر زوال پذیر ہوگیا۔ آئی سی سی نے فوری رد عمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں 2013 کی چیمپئنز ٹرافی کے میچ آفیشلز کے پینل سے نکال دیا جبکہ ممبئی پولیس نے 21 ستمبر 2013 کو غیرقانونی سٹے بازی کا الزام لگاتے ہوئے انہیں دھوکہ دہی اور فراڈ کا مرتکب قرار دیا۔ان کی اس سارے معاملے میں کوئی غلطی رپورٹ نہیں ہوئی تاہم ان کا کیرئیر ختم ہوگیا۔

چند ماہ قبل ہی یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ اسدرؤف لاہور کے لنڈا بازار میں استعمال شدہ برانڈڈ جوتوں اور کپڑوں کاروبار کررہے ہیں۔ اسد رؤف کا کہنا تھا کہ مجھے لنڈے کا کام کرنے میں کوئی شرم محسوس نہیں ہوتی بلکہ فخر سے یہ کام کرتا ہوں۔ رزق حلال کمانے کے لیے ریڑھی بھی لگانا پڑی تو میں لگانے کا حوصلہ رکھتا ہوں۔

متعلقہ تحاریر