ٹی 20 ورلڈکپ کیلیے پاکستان ٹیم کی نئی کٹ کو شائقین نے تربوز قرار دیدیا

آئندہ ماہ آسٹریلیا میں منعقد ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کیلیے قومی کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ کی  گزشتہ روز  رونمائی کردی گئی تاہم شائقین کرکٹ کو  یہ کٹ  بالکل بھی پسند نہیں آئی۔

سوشل میڈیا صارفین نئی کٹ کے ذیزائن کو تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں اور تربوز قرار دےدیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاک،انگلینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا میدان آج سے شہر قائد میں سجے گا

افغانستان کیخلاف 2 چھکوں نے نسیم شاہ کی قسمت بدل ڈالی

پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے قومی ٹیم کی نئی کٹ کی رونمائی خصوصی وڈیو کے ذریعے کی ہے جس میں بابراعظم،شاداب خان اور  نسیم شاہ کے علاوہ ویمن کرکٹر فاطمہ ثنا اور کائنات امتیاز بھی شامل ہیں۔

ورلڈ کپ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کٹ میں بنیادی کلر گہرا سبز ہے جبکہ ہلکے سبز اور پیلے رنگ کو استعمال کرتے ہوئے تھنڈر کی تھیم اپنائی گئی ہے۔

پی سی بی نے ساتھ ہی کلیش کٹ بھی جاری کی ہے جس میں ڈارک گرین اور لائٹ گرین کا کلر استعمال کیا گیا ہے۔ کلیش کِٹ ایسی صورت میں استعمال کی جاتی ہے جب دو ٹیموں کی کٹس کا کلر یکساں ہو، ایسے میں ایک ٹیم اپنے ڈیزائن میں کلر اسکیم کو تبدیل کرتے ہوئے کلیش کِٹ استعمال کرتی ہے۔

پی سی بی نے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر کٹ کی تصاویر جاری کیں تو اسپورٹس جرنلس وجاہت کاظمی سمیت کئی صارفین نے اسے تربوز قرار دیدیا۔

اسپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی  نے نئی کٹ کے ساتھ بابر اعظم اور شاداب خان کی کٹس اپنی ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کیں تو صارفین نے نئے ڈیزائن کو تنقید کانشانہ بنایا۔

 کئی صارفین نے نئی کٹ کو تربوز سے تشبیہ دیدی۔ ایک صارف نے تربوز کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ بابر اعظم نے جو شرٹ پہنی ہے اُس میں اور اِس میں کیا فرق ہے؟ایک صارف نے اعتراض اٹھایا کہ سمجھ نہیں آتا کہ ہماری  کٹ میں ہمیشہ پیلا رنگ کیوں ہوتا ہے؟

شاداب خان نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر نئی کٹ میں اپنی تصاویر شیئر کیں تو صارفین کی بڑی تعداد نے ان کی تعریف کی تاہم کئی صارفین نے وہاں بھی نئی کٹ کو تربوز سے تشبیہ دی۔

متعلقہ تحاریر