انگلش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ، خیبر پختونخوا کے ایم پی ایز خوشی سے نہال

خواتین اور مرد ایم پی ایز کا کہنا ہے یہ بہت بڑی خوشی کی بات ہے کہ انگلش ٹیم اتنے عرصے کے بعد پاکستان آئی ، امن قائم ہورہا ہے اور کھیلوں سے امن کو مزید فروغ ملے گا۔

انگلش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر خیبر پختونخوا اسمبلی کے ایم پی ایز نے جہاں خوشی کا اظہار کیا ہے وہیں اس بات کا مطالبہ  بھی کیا ہے کہ انٹرنیشنل ٹیموں کو قبائلی اضلاع میں میچز کھیلنے کا موقع ملنا چاہیے کیونکہ یہاں کے لوگ بھی کرکٹ کے دلدادہ ہیں۔

انگلش کرکٹ ٹیم 7 میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے ان دنوں دورہ پاکستان پر ہے۔ ٹیم انگلینڈ چار میچز کراچی جبکہ تین میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔ منگل کے روز کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم نے میزبان ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان پر تاثرات جاننے کے لیے نیوز 360 کے نامہ نگار نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے مرد اور خواتین ایم پی ایز سے بات چیت کی۔

یہ بھی پڑھیے

انگلینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

ٹی 20 ورلڈکپ کیلیے پاکستان ٹیم کی نئی کٹ کو شائقین نے تربوز قرار دیدیا

ایم پی اے بصیرت بی بی کا کہنا تھا یہ بہت خوشی کی بات تھی جب انگلینڈ نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا ، یہ ہمارے لیے فخر کی ہے ، اس سے قبل پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ تقریباً ختم ہو گئی تھی ، سری لنکن ٹیم کا شکریہ کہ اس نے بھی پاکستان کو دورہ کیا ، اب انگلینڈ کی ٹیم آئی ہوئی ہے ، ہم جیتیں گے ہم دنیا کو دکھائیں گے کہ ہمارے ملک میں امن ہے ، اور یہ امن ان شاء اللہ برقرار رہے گا ، اور ہمیں امید ہے کہ ہم یہ سیریز جیتیں گے۔

نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے شگفتہ ملک کا کہنا تھا ہم پٹھان لوگ ہیں اور ہم مہمان نواز لوگ ہوتے ہیں ، ہم انگلش ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں ، ہماری خواہش ہے کہ وہ خیبر پختونخوا میں بھی آکر کھیلیں ، کیونکہ یہاں بھی بہت زیادہ ٹیلنٹ ہے ، قیام امن میں کھیلوں کا بہت کردار رہا ہے ، باقی رہی کہ ہم  سپورٹ کس کو کریں گے تو ظاہر بات ہے کہ  پاکستان ہمارا ملک ہے اس لیے ہم اپنے ملک کو سپورٹ کریں گے۔

نیوز 360 سے بات چیت کرتے ہوئے عائشہ مہمند کا کہنا تھا میں سب سے پہلے تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتی ہوں کہ 17 سال بعد انگلش کرکٹ پاکستان آئی ، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں امن آرہا ہے۔ ان کا کہنا تھا ہم گرین شرٹس کو ہی سپورٹ کریں گے۔

ریحانہ اسماعیل کا نیوز 360 سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا ہم اپنے پاکستان کو سپورٹ کریں گے ، یہ اچھی بات ہے کہ بین الاقوامی ٹیم پاکستان آئی ہے ، ہم چاہتے ہیں کہ تمام ممالک کی ٹیمیں پاکستان آئیں۔ ہم مشکل حالات سے گزرے ہیں ، پہلے کورونا گزرا تھا اب سیلاب نے تباہی مچا دی تھی ، لوگوں کو کچھ تفریح چاہیے۔

نیوز 360 سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا یہ بڑی اچھی بات ہے کہ ہماری گراؤنڈز بحال ہورہے ہیں ، پاکستان کرکٹ سے محبت کرنے والوں کا ملک ہے ، انگلش ٹیم بڑے عرصے کے بعد پاکستان آئی ہے ، یہ خوش آئند بات ہے ، انگلینڈ کی ٹیم بہت اچھی ٹیم ہے لوگوں کو ایک اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

خواتین ایم پی ایز کا کہنا ہے کہ ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا اور قبائلی اضلاع میں بھی انٹرنیشنل میچز کرائے جائیں کیونکہ یہاں کے لوگ امن کے داعی اور کرکٹ کے دیوانے ہیں۔

متعلقہ تحاریر