بھارت کا ایشیا کپ کے لیے پاکستان آنے سے انکار، پی سی بی نے اے سی سی کو خط لکھ دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شا کے بیان پر ایشیا کرکٹ کونسل کو ہنگامی اجلاس کے لیے خط لکھ دیا ہے۔

بھارتی حکومت ایک مرتبہ پھر کھیل میں سیاست کو لی آئی ، بھارتی حکام نے ایشیا کپ کھیلنے کے لیے پاکستان آنے سے انکار کردیا ، پاکستان نے بھی ایشیا کرکٹ کونسل کو خط لکھ دیا ، پی سی بی نے اے سی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا۔

ایشیا کرکٹ کونسل کے نام لکھے گئے خط میں پاکستان نے موقف اختیار کیا ہے کہ ایونٹ کا مقام منتقل کرنے کا بیان اے سی سی کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے۔ اگلے ورلڈ کپ سمیت بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کی شرکت پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ایک اور اپ سیٹ، اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو دھول چٹا دی

ٹی 20 ورلڈکپ: کرونا میں مبتلا کھلاڑیوں کو بھی کھیلنے کی اجازت

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایشین کرکٹ کونسل کو لکھے گئے خط میں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ کے یکطرفہ اعلان کی مذمت کی ہے۔ جے شا نے ٹورنامنٹ کو غیرجانبدار مقام پر منعقد کرنے کا کہا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بی سی سی آئی کے سیکریٹری کے بیان پر اے سی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

جے شا کے بیان کے مطابق بھارتی ٹیم ایشیا کپ 2023 کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔

بی سی سی آئی کی 91ویں سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد جے شا نے بیان دیا تھا کہ "ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے ، اس لیے ایشیا کپ کو کسی غیرجانبدار مقام پر منتقل کردیا جائے ، یہ ایسا کام نہیں ہے جو پہلے نہ ہوا ہو۔

پی سی بی نے اب بی سی سی آئی عہدیدار کے بیان پر وضاحت طلب کی ہے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پی سی بی نے اگلے سال شیڈول آئی سی سی مینز ورلڈ کپ 2023 کو چھوڑنے کی دھمکی دی ہے اور ایشیا کرکٹ کونسل سے بھی علیحدہ ہونے کی دھمکی دے دی ہے ، میگا ایونٹ بھارت میں اگلے سال اکتوبر سے نومبر تک شیڈول ہے۔

ذرائع نے مزید دعویٰ کیا کہ پی سی بی کے پاس اے سی سی چھوڑنے کا آپشن بھی ہے۔

پی سی بی کے خط میں کہا گیا ہے کہ اے سی سی اس معاملے کو حل کرنے کا پلیٹ فارم ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے آخری بار 2013 میں دو طرفہ سیریز میں پاکستان کی میزبانی کی تھی اور بھارت نے 2008 سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا۔ اس کے علاوہ روایتی حریفوں کے درمیان آخری دو طرفہ سیریز 2012 میں ہوئی تھی، جب پاکستان نے بھارت کا دورہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شا نے گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کھیلنے کےلیے پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی۔ اس لیے بہتر ہے کہ ایونٹ کا مقام تبدیل کردیا جائے۔ ایشیا کپ اگلے سال پاکستان میں شیڈول ہے۔

متعلقہ تحاریر