وزیراعظم کا پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی نجم سیٹھی کو سونپنے کا عندیہ
وزیراعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو ہدایت کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا 2014 کا آئین بحال کیا جائے۔ پرانے آئین کی بحالی کے بعد ملک میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہو جائے گی، نجم سیٹھی دو بار چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر اپنی خدمات فراہم کرچکے ہیں

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی ایک بار پھر سے معروف صحافی نجم سیٹھی کو سونپنے کاعندیہ دے دیا ہے۔ نجم سیٹھی دو بار پہلے بھی پی سی بی کے چیئرمین کے عہدے پر ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ملاقات کی جس میں اہم ترین امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امید ظاہر کی جارہی ہے اس ملاقات سے پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا استعفیٰ نہ دینے کا اعلان
ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور نجم سیٹھی کے درمیان ملاقات میں کرکٹ امور پر بھی گفتگو کی گئی۔ دوران ملاقات وزیراعظم نے نجم سیٹھی کو دوبارہ چیئرمین پی سی بی بنانے کا عندیہ دیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کوہدایت کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا 2014 کا آئین بحال کرکے کیا جائے۔ پرانے آئین کی بحالی کے بعد ملک میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق سیکریٹری آئی پی سی نے چیئرمین پی سی بی کی تبدیلی کی سمری وزیر اعظم ہاؤس کو ارسال کردی ہے۔ وزیراعطم جلد نجم سیٹھی کو تعیناتی کا اعلان کرسکتے ہیں جس کے بعد رمیز راجا تاریخ کا حصہ بن جائیں گے ۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے جون2013 میں نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی تعینات کیا تھا جبکہ وہ پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین کی حیثیت سےبھی اپنے فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔
معروف صحافی نجم سیٹھی کو اگست2017 میں ایک بار پھر پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنایا گیا تھا مگر20 اگست 2018 میں اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے ان کی جگہ رمیز راجا کو چیئرمین پی سی بی تعینات کیا تھا ۔









