واٹس ایپ حالیہ دور کی مشہور ترین ایپ؟
دنیا بھر میں واٹس ایپ کی آڈیو اور ویڈیو کالز کی شرح میں 2019 کے مقابلے 50 فیصد اضافہ ہوا۔
کرونا کی وباء کے باعث 2020 مشکل ترین سال رہا اسی لیے جب 2021 آیا تو لوگوں کی خوشی دیدنی تھی۔ مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن کے باعث شہریوں نے ایک دوسرے کو سالِ نو کی مبارکباد دینے اور امید جگانے کے لیے واٹس ایپ کا انتخاب کیا۔ یکم جنوری کو واٹس ایپ نے کالز کا نیا ریکارڈ بنا لیا۔
واٹس ایپ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کی ملکیت ہے جو کہ ان دنوں صارفین میں بےحد مقبول ہورہی ہے۔
گزشتہ سال جب دنیا کرونا کے باعث اندھیروں میں چلی گئی تھی اور لاک ڈاؤن نے ہر طرف مایوسی بکھیر دی تھی اس وقت واٹس ایپ رابطے کا سب سے بہترین ذریعہ ثابت ہوئی۔ اسی لیے جب نیا سال شروع ہوا تو لوگوں نے واٹس ایپ کو ہی منتخب کیا۔ نئے سال کے پہلے روز واٹس ایپ کے ذریعے دنیا بھر میں ایک ارب 40 کروڑ آڈیو اور ویڈیو کالز کی گئیں جو کہ واٹس ایپ کی 11 سالہ تاریخ میں ایک دن میں کی جانے والی سب سے زیادہ کالز ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
اعداد و شمار کے مطابق 31 دسمبر 2019 کو واٹس ایپ پر دنیا بھر میں 20 ارب سے زائد پیغامات بھیجے گئے تھے لیکن کالز کی شرح رواں سال کے مقابلے میں 50 فیصد کم تھی۔
فیس بک نے 2014 میں واٹس ایپ کو خریدا تھا جس کے بعد سے اس کی مقبولیت میں بےپناہ اضافہ ہوا ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ 2021 میں اس ایپلیکشن کے ذریعے صارفین کو اشتہارات بھی دکھائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں واٹس ایپ صارفین کی تعداد 2 ارب سے زائد ہے۔ واٹس ایپ کے بڑھتے ہوئے کاروبار کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ یہ ایپ حالیہ دور کی مشہور ترین ایپ ہے۔