ایپل اسمارٹ واچ علامات سے قبل کرونا کی تشخیص کی اہل
ایپل کی فٹبٹ، گارمین اور دیگر اسمارٹ واچز کرونا وائرس کی تشخیص تب کر سکتی ہیں جب پہننے والے کو وائرس کی علامات بھی محسوس نہ ہوں۔
ٹیکنالوجی کمپنی نے دعوی کیا ہے کہ ایپل اسمارٹ واچ کرونا کی علامات سامنے آنے سے قبل ہی صارف میں وائرس کی تشخیص کر سکتی ہے۔
ایک نئی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایپل کی فٹبٹ، گارمین اور دیگر اسمارٹ واچز کرونا وائرس کی تشخیص اُس وقت کرسکتی ہیں جب پہننے والے صارف میں وائرس کی علامات بھی ظاہر نہیں ہوں۔
صحت کی نگرانی کے لیے اسمارٹ واچز تیزی سے موثر ذریعہ بنتی جارہی ہیں۔ دل کی دھڑکنوں اور خون کی روانی کی پیمائش اب ہر اسمارٹ واچ کی بنیادی خصوصیت بن چکی ہے۔ مختلف چھوٹی بڑی کمپنیاں اسمارٹ واچز بنا رہی ہیں اور ان کا آنے والا ہر ماڈل کوئی نئی خصوصیت لے کر آتا ہے۔
دنیا بھر میں مشہور ایپل کمپنی بھی اسمارٹ واچز بناتی ہے جو اپنے معیار اور خصوصیات کی وجہ سے صارفین میں خاصی مقبول ہیں۔ حال ہی میں نیو یارک میں ماؤنٹ سینا ہیلتھ سسٹم کی ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اسمارٹ واچز دل کی دھڑکنوں کی نگرانی کرنے کی اہلیت رکھتی ہیں۔ انہیں پہننے والے صارفین اپنے دل کی دھڑکن میں تبدیلیوں کا پتہ لگاسکتے ہیں۔ یہ تبدیلیاں پہننے والے کو کرونا وائرس کی علامت محسوس ہونے سے سات دن قبل ہی اشارہ دے سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
ایپل کی ایپ ٹریکنگ ٹرانسپیرنسی کیا ہے؟
تحقیق سے یہ ظاہر ہوا ہے کہ کرونا وائرس میں مبتلا افراد کی دل کی دھڑکن میں تبدیلی صحت مند افراد سے مختلف تھی۔ تیز دھڑکنیں کسی فرد کے متحرک اعصابی نظام کی نشاندہی کرتی ہیں۔
اس اسمارٹ واچ سے ایک فائدہ یہ ہوسکتا ہے کہ اگر کسی شخص میں علامات ظاہر ہونے سے قبل ہی کرونا وائرس کی تشخیص ہوجائے تو وہ خود کو قرنطین کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اسٹینفورڈ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں یہ بات ثابت ہوئی تھی کہ ایپل کی فٹ بٹ اسمارٹ واچ کے ذریعے کرونا وائرس کی تشخیص کی جاسکتی ہے۔