نئے تخلیق کاروں کے لیے یوٹیوب کا نیا فیچر متعارف

انتظامیہ کے مطابق نئے فیچر سے دنیا کو متاثر کرنے والے نئے تخلیق کار دریافت کرنے میں مدد ملے گی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب نے نئے آنے والے تخلیق کاروں کی کاوش کو اجاگر کرنے کےلیے ایک نیا فیچر "آن دی رائز” متعارف کرایا ہے۔

یوٹیوب انتظامیہ نے ایک پریس ریلیز کے ذریعے بتایا ہے کہ ہم آج سے اپنے متعارف کردہ "آن دی رائز” کے ذریعے پاکستان میں نئے آنے والے تخلیق کاروں کو اجاگر کرنے کے لیے ٹرینڈنگ ٹیب میں لے کر آئیں گے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہر ہفتے مختلف تخلیق کاروں کو نمایاں کیا جائے گا اور سارے دن میں ٹرینڈنگ میں کیا ہے اس کو نمایاں کیا جائےگا۔

یہ بھی پڑھیے

خبروں کی تصدیق کے لیے ٹوئٹر، اے پی اور رائٹرز کے درمیان معاہدہ

یوٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایک ہزار سے زیادہ سبسکرائبرز والے تخلیق کاروں کو اس میں شامل کیا جائے گا، "آن دی رائز” فیچر بہت سارے عوامل کی بنیاد پر تخلیق کاروں کو اجاگر کرے گا۔ تخلیق کار کی کاوش کو دیکھنے والوں کی تعداد اور وقت کا تعین بھی کیا جائے گا ، آنے والے وقت میں مزید زبانوں میں یہ فیچر متعارف کرایا جائے گا۔

یوٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم اہلیت کی بنیاد پر تخلیق کاروں کو منتخب کرے گی۔ ہر ہفتے ایک تخلیق کار کو نمایاں کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے خوشی کے لمحات کو دوسروں کے ساتھ بھی شیئر کرسکے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہمیں امید ہے اس عمل سے ہمیں دنیا کو متاثر کرنے والے پرانے تخلیق کاروں کے ساتھ نئے تخلیق کار دریافت کرنے میں مدد ملے گی۔

یوٹیوب انتظامیہ نے اپنی پریس ریلیز میں مزید کہا ہے کہ گوگل کا مشن دنیا کی معلومات کو منظم کرنا اور اسے عالمی سطح پر قابل رسائی اور مفید بنانا ہے۔

تلاش (سرچ)، نقشے (میپس)، جی میل، اینڈرائیڈ، گوگل پلے، کروم اور یوٹیوب جیسے تخلیقی پلیٹ فارم کے ذریعے گوگل اربوں لوگوں کی روز مرہ کی زندگیوں کو بدلنے کے لیے زبردست کردار ادا کررہا ہے، اور دنیا کی سب سے زیادہ مشہور کمپنیز میں سے ایک بن گئی ہے۔ واضح رہے کہ گوگل "الفابیٹ” (حروف تہجی) انکارپوریٹڈ کا ذیلی ادارہ ہے۔

متعلقہ تحاریر