سعودی عرب اور دبئی آئی ایم ایف کے بغیر مدد کیلیے تیار نہیں،وزیرخزانہ
چین کے ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے بھی پاکستان کو قرض کی فراہمی ورلڈ بینک کے پروگرام کے اجرا سے مشروط کردی،مفتاح اسماعیل:پاکستان کا معاشی رسک کا اسکور اس وقت کم ترین سطح پر ہے،بلومبرگ

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سعودی عرب،دبئی اور دیگرممالک آئی ایم ایف میں جائے بغیرہماری مدد کیلیے تیار نہیں، عام طور پر بحران زدہ ملک کو قرض دینے میں فراخدلی کا مظاہرہ کر نے والے ممالک بھی اب زیادہ محتاط انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔
بلوم برگ کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ ہم سعودی عرب، دبئی گئے اور دوسرے ممالک سے بات کی ، وہ رقم دینے کو تیار ہیں، لیکن ان سب کا کہنا ہے کہ ہمیں پہلے آئی ایم ایف کے پاس جانا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کو رواں برس 3.16ارب ڈالر کا غیر ملکی قرض چکانا ہے، بلومبرگ
سیاسی انتشار پاکستان کومعاشی دیوالیہ پن کے قریب لے آیا، بلومبرگ
بلوم برگ کے مطابق ایسا پہلے بھی ہوچکا ہے، جب پاکستان 2018 میں اسی طرح کے معاشی بحران سے گزررہا تھا توحکومت آئی ایم ایف کے پاس جانے سے پہلے چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی۔ اب چین نے پاکستان کو مارچ کے آخر میں ادا کیے گئے قرضوں کو دوبارہ جاری کرنے کے وعدے پر عمل کرنا ہے۔
بلومبرگ کی جانب سے 2009 میں ڈیٹا مرتب کرنے کے آغاز کے بعد سے پاکستان کا معاشی رسک کا اسکور اس وقت کم ترین سطح پر ہے۔ ایک سال سے بھی کم عرصے میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائر آدھے ہو گئے ہیں اور گزشتہ ماہ میں روپے کی قدر میں تقریباً 8 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔
بلومبرگ کے مرتب کردہ 13 ممالک کے اعداد و شمار کے مطابق یہ ایشیا میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا ملک ہے۔مفتاح اسماعیل کے مطابق چین کے ایشین انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک نے بھی پاکستان کو قرض کی فراہمی ورلڈ بینک کے پروگرام کے اجرا سے مشروط کردی ہے ۔









