کرونا کیسز میں اضافہ،حکومت کااین سی او سی کی مکمل بحالی کافیصلہ

ہمیں کرونا کے خلاف حاصل کی گئی کامیابیوں کو ضائع نہیں کرنا، وزیراعظم شہبازشریف کی قوم سے ایس او پیز پر عمل کرنیکی اپیل

حکومت نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی مکمل بحالی کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت این سی او سی کا اہم اجلاس ہوا جس میں وزارت صحت اور دیگر حکام نے شرکت کی اور اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس  کی صورتحال پر غور کیا گیا جب کہ وزیراعظم نے ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں کرونا پھر پھیلنے لگا،کراچی سب سے زیادہ متاثر

کراچی میں لاک ڈاؤن کا امکان، شہر میں کورونا کیسز 10 فیصد سے زائد ہوگئے

دورانِ اجلاس ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے این سی او سی کی مکمل بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعظم نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل کرانے کی ہدایات جاری کیں جس کے تحت تمام صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ  حکام سے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے تمام اقدامات  کیے جائیں۔دوسری جانب وزیراعظم قوم سے کرونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کے نام اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ملک میں کرونا کیسز کی پھر سے بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر میری پوری قوم سے اپیل ہے کہ کرونا سے متعلقہ ہدایات اورایس اوپیز پر عمل کریں۔

 وزیراعظم نے کہاکہ ہمارے فرنٹ لائن ورکرز اور ڈاکٹرز نے ہمیں محفوظ رکھنے کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں،ہمیں کرونا کے خلاف ان حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو ضائع نہیں کرنا۔

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 3.50 فیصد رہی جب کہ ملک بھر میں کراچی سب سے زیادہ کورونا سے متاثر ہے۔

متعلقہ تحاریر